سابق کرکٹرز کیخلاف اشتعال انگیزی ، یووراج سنگھ کا اپنے والد سے متعلق بیان وائرل

سابق بھارتی کرکٹر یووراج سنگھ کے والد یوگراج سنگھ نے ان دنوں سابق بھارتی کرکٹرز کو نشانے پر رکھا ہوا ہے۔

چند روز قبل یوگراج سنگھ نے سابق بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھاکہ ’ ایم ایس دھونی نے میرے بیٹے کا کیرئیر تباہ کیا، میں انہیں کبھی معاف نہیں کروں گا، دھونی کو شیشے میں اپنا چہرہ دیکھنا چاہیے، وہ ایک بڑ اکرکٹر ہے لیکن اس نے میرے بیٹے کے ساتھ جو کیا وہ کبھی معاف نہیں کروں گا‘۔

اس بیان کے بعد اب یوگراج سنگھ کی ایک اور ویڈیو وائرل ہے جس میں انہوں نے 1983 میں بھارت کو ورلڈکپ جتوانے والے سابق کپتان کپل دیو کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ’ میں تمہیں اس مقام پر لے آؤں گا کہ دنیا تم پر تھوکے گی، کپل دیو نے مجھے بھارتی کرکٹ ٹیم سے نکلوایا اور میرا کیرئیر ختم کیا تھا‘۔

یوگراج سنگھ کے متنازع بیان کے دوسری جانب بیٹے یووراج سنگھ کا بھی ایک بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یووراج سنگھ کا بیان گزشتہ برس نومبر میں دیے گئے ایک پوڈکاسٹ کا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ’میں نے محسوس کیا ہے کہ میرے والد کو ذہنی مسائل کا سامنا ہے لیکن والد یہ تسلیم کرنے کو تیار نہیں، والد کو ان مسائل کو سمجھنے کی ضرورت ہے لیکن وہ یہ بات نہیں مانتے‘۔

یاد رہے کہ یوگراج سنگھ بھارت کی جانب سے ایک ٹیسٹ اور 6 ون ڈے کھیل چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں