اسلحہ و شراب برآمدگی کیس، گرفتاری سے بچنے کیلئے وزیراعلیٰ کے پی نے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے اسلحہ و شراب برآمدگی کیس میں عدالتی احکامات پر گرفتاری سے بچنے کے لیے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے جج شائستہ خان کنڈی نے گزشتہ روز اسلحہ و شراب برآمدگی کیس میں مسلسل غیر حاضری پر علی امین گنڈا پور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

عدالت نے ایس ایچ او بہارہ کہو کو حکم دیا تھا کہ علی امین گنڈا پور کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے تاہم عدالتی احکامات کے باوجود علی امین گنڈا پور کو آج عدالت میں پیش نہ کیا جا سکا۔

اب اطلاعات ہیں کہ علی امین گنڈاپور نے گزشتہ روز کے جوڈیشل مجسٹریٹ کے فیصلے کے خلاف راہداری ریمانڈ کے لیے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔

اس کے علاوہ علی امین گنڈاپور نے جوڈیشل مجسٹریٹ کےآرڈر کے خلاف سیشن عدالت اسلام آباد سے بھی رجوع کیا ہے۔

علی امین گنڈاپور نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ اسلحہ و شراب برآمدگی کے مقدمے میں بریت کی درخواست زیر التوا ہے، گزشتہ روز جوڈیشل مجسٹریٹ نے خلاف قانون وارنٹ گرفتاری جاری کیے، وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے حکم نامے کے خلاف نظرثانی اپیل منظور کی جائے۔

وزیر اعلیٰ کے پی کی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کو کالعدم قرار دیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں