امیتابھ مجھے فلم ’کالا پتھر‘ میں نہیں لینا چاہتے تھے: شتروگھن سنہا کا انکشاف

بالی وڈ کے سینئر اداکار شتروگھن سنہا نے انکشاف کیا کہ امیتابھ بچن انہیں فلم ‘کالا پتھر’ میں نہیں چاہتے تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شتروگھن سنہا اور امیتابھ بچن اپنے وقتوں کے بہت اچھے دوست رہے ہیں لیکن وقت کے ساتھ ساتھ ان کی دوستی کمزور ہوتی چلی گئی۔

شتروگھن سنہا نے اپنے ایک انٹرویو میں امیتابھ بچن کے ساتھ دوستی کے حوالے سے بتایا کہ امیتابھ مجھ سے عمر میں بڑے تھے لیکن فلموں میں میرے جونیئر تھے، میں فلموں میں کام کیلئے محنت کرچکا تھا جب کہ امیتابھ نے ابھی جدوجہد کرنا شروع کی تھی۔

شتروگھن سنہا نے اپنے انٹرویو میں اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امیتابھ مجھے کچھ فلموں میں کام کرنے نہیں دینا چاہتے تھے اور ان فلموں میں سے ایک کالا پتھر فلم بھی ہے، میں نے اس فلم میں ان کی خواہش کے باوجود بھی کام کیا۔

سینئر اداکار کا کہنا تھا کہ یہ بدقسمتی کی بات تھی کہ اگرچہ ہم اتنے اچھے دوست تھے لیکن اس فلم کی تیاری کے دوران ہم نے مشکل سے بات کی، فلم کالا پتھر میں میری بہت تعریف ہوئی اور فلم دوستانہ کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا۔

شتروگھن سنہا نے مزید کہا کہ میرے خیال میں کالا پتھر ہماری دوستی کے تابوت میں آخری کیل تھا اور امیتابھ نے فیصلہ کیا کہ اب وہ میرے ساتھ کام نہیں کریں گے، بہت سے پروڈیوسرز نے سوچا کہ ہم نے ڈائنامائٹ کا جوڑا بنایا ہے لیکن پھر انہوں نے مجھ سے دستخط کی رقم واپس کرنے کو کہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں