نعمان اعجاز کے کس فیصلے نے شان کو سپر ہٹ کیا؟ سید نور کا انکشاف

نامور پاکستانی فلم ڈائریکٹر، پروڈیوسر اور فلم رائٹر سید نور نے انکشاف کیا ہے کہ شان کی فلمیں فلاپ ہونے کے بعد انہیں کوئی کام دینے کیلئے تیار نہیں تھا لیکن نعمان اعجاز کے ایک فیصلے نے شان کو سپر ہٹ کر دیا۔

سید نور نے ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے کہا کہ شان شروع سے ہی ایک باصلاحیت آرٹسٹ تھا، انڈسٹری میں متعارف ہوتے ہی اس کی پہلی اور دوسری فلم ہٹ ہوگئی، جب ہماری فلم انڈسٹری میں کوئی ہٹ ہوتا ہے تو بھیڑ چال چل پڑتی ہے، دو فلمیں ہٹ ہونے کے بعد شان کو بہت زیادہ فلمیں آفر ہوئیں اور وہ کام کرتا گیا اور فلمیں فلاپ ہوتی گئیں، ایک وقت آیا لوگوں نے شان کو دیکھنا چھوڑ دیا اور اس نے بھی پرواہ کرنا چھوڑ دی اور پھر وہ امریکا چلا گیا۔

سید نور نے کہا کہ شان کے امریکا جانے کے بعد میڈم نیلوفر اور شان کا پیون مجھے بولتے تھے کہ شان کو واپس بلاؤ، اس کے بعد فلم سنگھم اور گھونگھٹ کی پلاننگ ہوئی، گھونگھٹ میں شان کا کردار نعمان اعجاز کو کرنا تھا لیکن نعمان اعجاز نے کسی مسئلے کی وجہ سے معذرت کرلی تو پھر مجھے موقع مل گیا اور میں نے شان کو وہ کردار دے دیا۔

انہوں نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ فلم کے ہدایتکار شان کو لینا نہیں چاہتے تھے اور فلم خریدنے والوں نے بھی شان کا نام سن کر منع کر دیا تھا اور پیسے واپس مانگ لیے تھے، لیکن فلم گھونگھٹ کے ریلیز ہونے کے بعد ہر طرف شان شان ہوگئی، فلم میں شان اور صائمہ دونوں کا کم بیک ہوا تھا اور دونوں کو لوگوں نے پسند کیا تھا، اس کے بعد فلم سنگھم میں بھی شان کو پسند کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں