کچھ افراد اتنی گہری نیند سوتے ہیں کہ انہیں پتا ہی نہیں چلتا کہ اطراف میں کیا ہورہا ہے اور اس کی تازہ مثال حال ہی میں پیش آنے والا ایک واقعہ ہے۔
چین کے شہر ہائیکو میں ایک 58 سالہ شخص نے حال ہی میں اپنی زندگی کا بدترین تجربہ کیا جو اس کے لیے کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہ تھا، ہوا کچھ یوں کہ ایک رات جب وہ سورہا تھا تو اسے اپنی ناک کے اندر کوئی چیز رینگتی ہوئی محسوس ہوئی، پھر اسے اپنے گلے میں کچھ اترتا ہوا محسوس ہوا تو وہ کھانسنے لگا لیکن کچھ نہ نکلا تو وہ واپس سوگیا۔
اگلے دن اس نے رات کو ہوئے سرسری سے معاملے کو بھلا دیا اور روزمرہ کے کاموں میں مصروف ہوگیا لیکن اسے اپنے منہ سے غیر معمولی بُو آتی محسوس ہوئی جو دوسروں کے ساتھ ساتھ اس کے اپنے لیے بھی پریشانی کا باعث بن رہی تھی۔
تین دن گزرنے کے بعد بھی اس کی سانسوں سے ناگوار بدبو آرہی تھی جب کہ اسے کھانسی کے ساتھ پیلے رنگ کا تھوک بھی آرہا تھا جس کے بعد اس نے اسپتال جانے کا فیصلہ کیا۔
پہلے وہ ایک عام ڈاکٹر کے پاس گیا جس نے گلے کے ٹیسٹ کیے لیکن اس میں کچھ عجیب نہ تھا، مذکورہ شخص کو یقین تھا کہ کچھ غیر معمولی ضرور ہے جس کے بعد وہ دوسرے ڈاکٹر کے پاس گیا جس نے اس کا سی ٹی اسکین کیا۔
بعدازاں معلوم ہوا کہ مرا ہوا لال بیگ اس شخص کی سانس کی نالی میں پھنس گیا تھا جس کے سبب اس کے منہ سے شدید بُو آرہی تھی لہٰذا ڈاکٹروں نے آپریشن کرکے لال بیگ نکال دیا۔