ہر سال ایپل کی جانب سے آئی فون کے آپریٹنگ سسٹم کو اپ گریڈ کیا جاتا ہے جس میں متعدد نئے فیچرز کا اضافہ کیا جاتا ہے۔
اس سال آئی او ایس 18 آئی فون صارفین کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے۔
یہ نیا آپریٹنگ سسٹم آئی فون 16 سیریز کے ساتھ 9 ستمبر کو متعارف کرایا جائے گا۔
یہ ایپل کا پہلا آپریٹنگ سسٹم ہے جس میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی فیچرز متعارف کرائے جا رہے ہیں۔
ان فیچرز کے لیے ایپل انٹیلی جنس کے نام سے ایک اے آئی ماڈل آئی او ایس 18 کا حصہ بنایا جائے گا۔
جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ آئی فونز کے لیے نیا آپریٹنگ سسٹم آئندہ چند دن میں صارفین کے لیے دستیاب ہوگا مگر تمام آئی فونز کو آئی او ایس 18 سے اپ ڈیٹ کرنا ممکن نہیں ہوگا۔
ایپل کے اس نئے آپریٹنگ سسٹم میں موجود زیادہ تر اے آئی فیچرز آئی فون 15 پرو یا آئی فون 16 سیریز تک محدود ہوں گے، کیونکہ ان کے لیے اے 17 پرو یا اس کے بعد کے پراسیسر کی ضرورت ہوگی، مگر آئی او ایس 18 متعدد پرانے ماڈلز کے لیے بھی دستیاب ہوگا۔
ایپل کا نیا آپریٹنگ سسٹم صرف آئی فون ایکس ایس یا اس کے بعد کے ماڈلز کے لیے دستیاب ہوگا اور 2017 یا اس سے پہلے کے فونز میں اسے اپ ڈیٹ نہیں کیا جاسکے گا۔
یعنی آئی فون ایکس ایس، ایکس ایس میکس، ایکس آر، آئی فون 11، 11 پرو، 11 پرو میکس، آئی فون 12، 13، 14 اور 15 سیریز کے فونز میں اس نئے آپریٹنگ سسٹم کو استعمال کرنا ممکن ہوگا۔
البتہ اگر آپ آئی فون ایکس (یا 10) استعمال کررہے ہیں تو اب آپ کے لیے ایپل کی سافٹ وئیر اپ ڈیٹس دستیاب نہیں ہوں گی۔
یہ غیرمتوقع فیصلہ نہیں کیونکہ ایپل کی جانب سے پرانی ڈیوائسز کے لیے سافٹ وئیر سپورٹ کو ہر سال ختم کیا جاتا ہے۔
مگر یہ واضح رہے کہ نئے آئی او ایس سسٹم تک رسائی ختم ہونے کے بعد بھی آپ کا پرانا آئی فون پرانے آپریٹنگ سسٹمز پر کام کرتا رہے گا، بس وہ نئے فیچرز سے محروم رہے گا۔
نئی آئی او ایس اپ ڈیٹس تک رسائی ختم ہونے سے ہیکنگ اور میل وئیر کا خطرہ بڑھتا ہے کیونکہ سافٹ وئیر اپ ڈیٹس میں بگز کی روک تھام بھی کی جاتی ہے۔