مسلسل فلمیں فلاپ ہونے پر اداکاری کب چھوڑیں گے؟ اکشے نے بتا دیا

بالی وڈ اداکار اکشے کمار کی ایک کے بعد ایک فلم باکس آفس پر ناکام ہوچکی ہے اور انہیں کیرئیر میں دوسری بار ایسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اکشے کمار کی آج 57 ویں سالگرہ منا ئی جا رہی ہے، اداکاری کے میدان میں کیسے آئے یہ بھی ایک دلچسپ کہانی ہے۔

اکشے کمار ان دنوں اپنے کیرئیر کے ایک اور مشکل دور سے گزر رہے ہیں اور ان کی فلمیں مسلسل ناکام ہو رہی ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ اکشے کمار حالیہ دنوں میں اپنی فلموں کی ناکامیوں پر کافی جذباتی ہو گئے تھے اور ایک ایونٹ کے دوران جب ان سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ ’میں زیادہ سوچتا نہیں ہوں، اگر 4-5 فلمیں ناکام ہوئیں، تو کیا ہوا؟ لوگ مجھے افسوس بھرے پیغامات بھیجتے ہیں جیسے ‘فکر نہ کرو، سب ٹھیک ہو جائے گا’ لیکن میں مر تو نہیں گیا؟‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’ایک صحافی نے مجھے پیغام بھیجا کہ ’تم جلد ہی واپس آ جاؤ گے‘ واپس؟ میں کہیں گیا ہی کہاں ہوں؟ میں یہاں ہوں اور محنت کرتا رہوں گا جو بھی کماتا ہوں اپنے بل بوتے پر کماتا ہوں، کسی سے کچھ مانگا نہیں ہے‘۔

اکشے نے 1991 میں فلم ‘سوگندھ’ سے بالی ووڈ میں قدم رکھا۔ اپنے ایک ابتدائی انٹرویو میں اکشے نے کہا تھاکہ ’میں انڈسٹری میں صرف پیسہ کمانے کے لیے آیا ہوں، مجھے اداکاری کرنا بھی نہیں آتی تھی میں بنکاک میں ایک ماہ تک باکسنگ سکھاتا تھا اور مجھے 5000 روپے ملتے تھے‘۔

انہوں نے بتایا کہ “ایک دن ایک طالب علم کے والد نے مجھے ماڈلنگ کرنے کا مشورہ دیا، جب میں نے ایسا کیا تو میں نے صرف دو گھنٹے کام کیا اور مجھے 21000 روپے ملے، اس کے بعد میں نے فیصلہ کیا کہ میں ماڈل بنوں گا، میں نے ریمپ واک بھی کی اور اس دوران کسی نے مجھے فلم کی پیشکش کی، مجھے یاد ہے شام 6:30 بجے ایک ڈائریکٹر نے مجھے 5001 روپے کا چیک دیا اور اس طرح میں انڈسٹری میں داخل ہوا‘۔

اکشے کمار کا کیرئیر میں کئی اتار چڑھاؤ آئے ہیں۔ ان کی فلموں کا سفر شروعات میں کچھ خاص نہیں رہا اور ایک وقت ایسا بھی آیا جب ان کی لگاتار 8 فلمیں ناکام ہوئیں لیکن اکشے کا ماننا ہے کہ فلموں کی ناکامی ایک الارم بٹن کی طرح ہے جو آپ کو بہتر کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔

اکشے کا کہنا ہے کہ ’اب وہ فلمیں اس لیے نہیں کرتے پیسہ کمانا ہے بلکہ اس لیے کرتے ہیں کہ انہیں اس میں مزہ آتا ہے، اب میں کام اس لیے کرتا ہوں کیونکہ یہ میرا جذبہ ہے، جس دن مجھے لگا کہ کام بوجھ بن رہا ہے، میں کام کرنا چھوڑ دوں گا‘۔

فلم ساز سنیل درشن جنہوں نے اکشے کے ساتھ کئی فلمیں کی ہیں، انہوں نے کہا کہ اکشے ہمیشہ ایک نظم و ضبط والے انسان رہے ہیں، ایک وقت تھا جب اکشے کی کئی فلمیں ناکام ہوئیں لیکن ‘جانور’ کے بعد ہم نے اکٹھے 7 فلمیں کیں اور اس دوران اس کا فن خوب نکھرا ہے۔

اکشے کا ماننا ہے کہ کامیابی اور ناکامی زندگی کا حصہ ہیں، ان کا کہنا ہے کہ زندگی میں جو چیز اوپر جاتی ہے، وہ کبھی نہ کبھی نیچے بھی آتی ہے لیکن بڑا آدمی وہ ہوتا ہے جو نیچے گر کر خود کو سنبھال لیتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں