ملائیکہ کے والد کی خودکشی، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں موت کی وجہ سامنے آگئی

بالی وڈ اداکارہ و ماڈل ملائیکہ اروڑا کے والد انیل اروڑا کی موت کی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں سامنے آ گئی۔

ملائیکہ اروڑا کے والد انیل اروڑا نے چند روز قبل ممبئی کے علاقے باندرا میں اپنی عمارت کی چھٹی منزل سے چھلانگ لگا کر خود کشی کر لی تھی۔

خودکشی سے قبل انیل اروڑا نے اپنی بیٹیوں ملائیکہ اور امریتا کو فون کیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا میں بہت تھک چکا ہوں اور اپنی زندگی سے بیزار ہوں، مجھے لگتا ہے میں بیمار ہوں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش تحویل میں لے لی تھی اور اب انیل اروڑا کی پوسٹ مارٹم رپورٹ بھی سامنے آ گئی ہے۔

انیل اروڑا کی خودکشی کے حوالے سے ان کی سابق اہلیہ جوائس پولیکار نے پولیس کو بتایا تھا کہ جب میں سو کر اٹھی تو میں نے کمرے میں انیل کی چپل دیکھیں تو پریشان ہو گئی کیونکہ انیل ہر صبح چھت پر جاکر اخبار پڑھتے تھے، چپل کمرے میں موجود ہونے پر شبہ ہوا کہ انیل کمرے میں ہی ہیں لیکن وہ نہیں تھے جس کے بعد میں انیل کو تلاش کرنے چھت پر گئی تو وہ وہاں بھی نہیں تھے، میں نے چھت سے نیچے جھانکا تو دیکھا کہ چوکیدار مدد کے لیے چیخ رہا تھا اسی وقت مجھے صورتحال کی سنگینی کا احساس ہوا کہ انیل نے چھت سے چھلانگ لگا دی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق انیل اروڑا کی لاش کے پوسٹ مارٹم کے مطابق بالکونی سے چھلانگ لگانے کے نتیجے میں ان کی دائیں ٹانگ، سر اور جسم کے دیگر حصوں میں شدید نوعیت کی چوٹیں آئی تھیں جو ان کی موت کا سبب بنا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں