بالی وڈ کامیڈین اسٹار جونی لیور نے سابق کپتان و وزیراعظم عمران خان اور سابق کپتان ظہیر عباس کو پسندیدہ پاکستانی کرکٹر قرار دےدیا۔
جونی لیور کی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں بھارتی اداکار نے پاکستانی کرکٹرز اور پاکستانی فنکاروں معین اختر، عمر شریف اور امان اللہ سمیت دیگر کے حوالے سے گفتگو کی۔
وائرل ویڈیو میں صحافی نے ان سے ان کے پسندیدہ پاکستانی کرکٹر کا نام پوچھا جس کے جواب میں جونی لیور نے پہلے سابق کپتان عمران خان کا نام لیا اور بتایا کہ عمران خان ہمارے پسندیدہ پاکستانی کرکٹر تھے۔
اس کے بعد جونی لیور نے سابق کپتان ظہیر عباس کانام لیا اور کہا کہ ظہیر عباس زبردست بیٹسمین تھے وہ تو سنچری والے آدمی تھے۔
پاکستانی کامیڈین سے دوستی سے متعلق سوال پر جونی لیور نے کہا کہ میری معین اختر، عمر شریف، امان اللہ، رؤف لالہ اور شکیل صدیقی سمیت سارے فنکاروں سے دوستی رہی۔
انہوں نے کہا کہ عمر شریف کے انتقال کا بہت افسوس ہواتھا، امان اللہ بہترین فنکار تھے وہ بھارت آئے تو میرے گھر بھی مدعو ہوئے تھے، اس دوران ہم نے بہت باتیں کی تھیں، بس افسوس ہے کہ ہم ایک ساتھ کام نہیں کرپائے۔