بھارتی شہر ممبئی میں شدید بارشوں کے باعث ہونے والے حادثات میں 4 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ بارشوں کے باعث آج تعلیمی ادارے بھی بند رکھے گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی میں گزشتہ روز ہونے والی شدید بارشوں کے بعد آج اسکولوں سمیت دیگر تعلیمی ادارے بند رکھے گئے ہیں جبکہ بارش کے بعد ہونے والے حادثات میں اب تک 4 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں 200 سے 275 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی جس کے باعث فلائٹ آپریشن بھی بری طرح متاثر اور پروازیں تاخیر کا شکار ہیں جبکہ ٹرین سروس میں بھی خلل آیا ہے۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ ممبئی میں بارشوں کا یہ اسپیل اگلے کچھ دنوں تک جاری رہ سکتا ہے۔