بھارت: گاندھی کی جگہ انوپم کھیر کی تصویر والے نوٹ سامنے آگئے، ماجرا کیا ہے؟

بھارتی پولیس نے مہاتما گاندھی کے بجائے بالی وڈ اداکار انوپم کھیر کی تصویر والے کروڑوں روپے کے بھارتی نوٹ برآمد کرلیے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق احمد آباد پولیس نے ایک کروڑ 60 لاکھ کے بھارتی کرنسی نوٹ برآمد کیے جس کے بعد کرنسی نوٹوں کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

منظر عام پر آنے والی ویڈیوز میں 500 روپے کے کرنسی نوٹوں پر مہاتما گاندھی کے بجائے انوپم کھیر کی تصویر دیکھی جاسکتی ہے جب کہ نوٹوں پر ‘ریزرو بینک آف انڈیا’ کے بجائے ‘ریزول بینک آف انڈیا’ بھی درج ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے جعلی کرنسی نوٹوں کی ویڈیو انوپم کھیر کی جانب سے بھی انسٹاگرام پر شیئر کی گئی جس میں اداکار نے لکھا کہ’لو کر لو بات، 500 روپے کے نوٹ پر گاندھی جی کی تصویر کے بجائے میری تصویر؟ کچھ بھی ہو سکتا ہے‘ ۔

ماجرا کیا ہے؟
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک کروڑ 60 لاکھ کے نوٹ، چاندی اور سونے کے سکے بنانے والی فرم کے مالک میہول ٹھاکر کو ملنے والے دھوکے کے بعد برآمد ہوئے جس کے بعد احمد آباد میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

میہول ٹھاکر نے پولیس کو بتایا کہ کچھ لوگ ان سے 2100 گرام سونا خریدنا چاہتے تھے سونا خریدنے والے افراد نے کہا تھا کہ ان کے خریدے گئے سونے کو نورنگ پورہ علاقے میں پہنچایا جائے جس کے بعد فرم کے مالک نے سونا اپنے ملازم کے ذریعے بتائی گئی جگہ پر بھیج دیالیکن ملزمان ملازمین کو سونے کے بدلے ایک کروڑ 30 لاکھ بھارتی روپے کے جعلی نوٹ تھماگئے۔

ملزمان نے فرم کے مالک کے ملازمین کو کہا کہ وہ قریبی دکان سے بقیہ 30 لاکھ روپے لے کر آتے ہیں لیکن وہ واپس نہیں آئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں