دوران میچ فٹبالر نے مخالف کھلاڑی کو کاٹ لیا، پابندی اور بھاری جرمانہ عائد

برطانوی فٹبال کلب پریسٹائن کے فٹبالر ملوٹن اسمیجک پر مخالف ٹیم کے فٹبالر کو کاٹنے کے جرم میں 8 میچز کی پابندی عائد کر دی گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حیران کن واقعہ گزشتہ ماہ 22 ستمبر کو پیش آیا تھا جب 25 سالہ موٹن اسمیجک نے ایک میچ کے دوران بلیک برن کے فٹبالر اوون بیک کی طرف سے ملنے والے چیلنج کے بعد انھیں کاٹ لیا تھا۔

میچ کے بعد ہونے والی کانفرنس میں بلیک برن کے عہدیدار نے اوون بیک کے جسم پر نشان دکھاتے ہوئے بتایا تھا کہ ملوٹن نے دوران میچ اوون بیک کو پیچھے سے پکڑا اور انھیں گردن کے پچھلے حصے پر کاٹ لیا تھا۔
فٹ بال ایسوسی ایشن کی جانب سے اسمیجک کے خلاف اس وقت کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی تھی تاہم اب فٹ بال ایسوسی ایشن نے اسمیجک کو سخت سزا سنادی ہے۔

نوجوان فٹبالر کی جانب سے پر تشدد عمل کے اعتراف کے بعد فٹ بال ایسوسی ایشن نے ان پر 8 میچز کی پابندی اور 15 ہزار پاؤنڈ جرمانہ عائد کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں