پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر اور ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان سعود شکیل کا کہنا ہے کہ انگلش ٹیم جارحانہ انداز میں کھیلتی ہے، اس میں غلطیاں بھی ہوتی ہیں اس لیے کوشش ہو گی کہ ان سے زیادہ غلطیاں کروا کر سیریز جیتیں۔
ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعود شکیل کا کہنا تھا ابھی ٹیسٹ میچ میں ایک دن باقی ہے، مجھے ابھی یقین نہیں ہے پچ پر گراس ہو گی یا نہیں، اس لیے ابھی پلان کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔
بابر اعظم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سعود شکیل نے کہا کہ بابر اعظم کے کپتانی چھوڑنے کا تعلق وائٹ بال سے ہے اور ہم ریڈ بال کرکٹ کھیل رہے ہیں اس لیے کچھ نہیں کہہ سکتا، استعفیٰ دینا ہر کسی کا اپنا فیصلہ ہے۔
انہوں نے بولنگ کے حوالے سے کہا کہ شاہین آفریدی بولنگ کر رہے ہیں اور سب نے دیکھا ہے، ان کی فٹنس کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا، ہم ضرورت کے مطابق کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں، جب ضرورت ہوتی ہے تو ہم تیز کھیلتے ہیں۔
مڈل آرڈر بیٹر نے یہ بھی کہا کہ کپتان کے پاس دیکھنے کے لیے زیادہ چیزیں ہوتی ہیں جبکہ نائب کپتان پر اس طرح کا دباؤ نہیں ہوتا، بنگلادیش کی سیریز ماضی کا حصہ ہو چکی اب ہمارا فوکس آگے ہے۔
ان کا کہنا تھا انگلش ٹیم جارحانہ انداز میں کھیلتی ہے، اس میں غلطیاں بھی ہوتی ہیں اس لیے کوشش ہو گی کہ ان سے زیادہ غلطیاں کرائیں اور سیریز جیتیں۔
سعود شکیل کا کہنا تھا گزشتہ سیریز میں بھی ہم جیت کے بہت قریب آتے رہے ہیں، اب ہمیں اچھا فنش کرنا ہے تاکہ سیریز اپنے نام کریں، ملتان میں ریورس سوئنگ دیکھنے کو ملے گی، جس طرح کی کنڈیشنز ہیں اور جس طرح پچ تیار ہو رہی ہے لگتا ہے ریورس سوئنگ ہو گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ انگلینڈ کے حوالے زیادہ نہیں سوچتے، ہمیں اپنے پلان اور صورتحال کے مطابق کھیلنا ہے، لڑکے بہت محنت کر رہے ہیں اور ہمیں سیریز جیتنی ہے، یہ ایک ایسا موقع ہے کہ ہمیں ہر شعبے میں پرفارم کرنا ہے، ٹیم کا مورال اچھا ہے اور کوئی گروپنگ نہیں ہے، سب کا فوکس اچھا کھیلنا ہے، مجھے یقین ہے کہ ہم اب اچھا کھیلیں گے، یہ ڈیلیور کرنے کا وقت ہے۔