پاکستان کیخلاف پہلے ٹیسٹ سے قبل انگلش ٹیم کو بڑا دھچکا

ملتان : انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس پاکستان کے خلاف ملتان ٹیسٹ سے باہر ہوگئے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 7 اکتوبر سے ملتان میں شروع ہو گا۔

انگلش کپتان بین اسٹوکس ہیم اسٹرنگ انجری سے نجات نہ پاسکے جس کے سبب وہ پاکستان کیخلاف ملتان میں شروع ہونے والا پہلا ٹیسٹ میچ نہیں کھیل سکیں گے، بین اسٹوکس کی جگہ اب اولی پوپ انگلش ٹیم کی قیادت کریں گے۔

ٹریننگ سیشن کے بعد بین اسٹوکس نے مکمل فٹ نہ ہونے کی تصدیق بھی کی، دوسری جانب انگلینڈ نے ملتان ٹیسٹ کے لیے پلیئنگ الیون کا اعلان بھی کر دیا ہے۔

فاسٹ بولر برائیڈن کارس پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میں ڈبییو کریں گے جبکہ کرس ووکس، گس ایٹکنسن، جیک لیچ اور شعیب بشیر بھی انگلش ٹیم میں شامل ہیں، جیک لیچ کی جنوری میں دورہ بھارت کے بعد ٹیسٹ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

زیک کرالی، بین ڈکٹ، جوروٹ، ہیری بروک اور جیمی اسمتھ بھی انگلینڈ کی پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔

انگلش بیٹرجوروٹ کی پریس کانفرنس
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے بیٹر جو روٹ نے ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہماری گزشتہ سیریز کی اچھی یادیں ہیں، کچھ کھلاڑی ناتجربہ کار ہیں لیکن سب پرجوش ہیں، کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ ہے اور اسکلز بھی ہیں، وہ توقعات پر پورا اتر سکتے ہیں۔
انگلش بیٹر جوروٹ کا کہنا تھا کہ فاسٹ بولنگ اسکواڈ گزشتہ سیریز سے مختلف ہے، ہم اپنے پلان کے مطابق کھیلنے کے لیے تیار ہیں، ابھی ہم نے پچ نہیں دیکھی، ہو سکتا ہے کہ پچ بولرز فرینڈلی ہو۔

پاکستان ٹیم پر بات کرتے ہوئے انگلش بیٹر کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم میں میچ ونر ہوتے ہیں، پاکستان ٹیم کو اپنی کنڈیشنز کا فائدہ ہو سکتا ہے، ان کا اسکل لیول ہے، کبھی غلط اندازہ نہیں لگایا لیکن ہمیں اپنے کھیل پر فوکس کر کے اچھا کھیلنا ہے، ہمارا فوکس اس پر نہیں ہے کہ ماضی میں کیا ہوا، ہمیں رنز کرنے ہیں اور پھر 20 وکٹیں حاصل کرنی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں