فراڈ کیس: کامیڈین بھارتی سنگھ، ان کے شوہر اور ریا چکرورتی کو پولیس نے طلب کرلیا

بھارتی کامیڈین و میزبان بھارتی سنگھ اور ا ن کے شوہر ہرش لمباچیا کو فراڈ کیس میں پولیس نے طلب کرلیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی سنگھ، ہرش لمباچیا اور بالی وڈ اداکارہ ریا چکرورتی کو نئی دہلی پولیس نے 500 کروڑ روپے کے فراڈ میں تفتیش کیلئے طلب کیا ہے۔

پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ فراڈ HIBOX نامی ایک موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے کیا گیا ہے جس میں مبینہ طور پر لوگوں کو زیادہ منافع کے وعدے کے ساتھ سرمایہ کاری کرنے کا لالچ دیا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس فراڈ میں 9 سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور یوٹیوبرز شامل ہیں جن میں کامیڈین بھارتی سنگھ، ان کے شوہر ہرش لمباچیا، لکشے چوہدری، آدرش سنگھ، سورو جوشی، ابھیشیک ملہان، پورو جھا، ایلویش یادو اور بالی وڈ اداکارہ ریا چکرورتی سمیت دیگر لوگوں نے اس ایپ کو پروموٹ اور اس کے ذریعے لوگوں کو سرمایہ کاری کا لالچ دیا۔

اس حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ پولیس نے بھارتی، ہرش اور اداکارہ ریا چکرورتی کو اگلے ہفتے تحقیقات میں شامل ہونے کے لیے نوٹس بھیج دیے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ ایپ رواں سال فروری میں لانچ کی گئی تھی جس میں 30 ہزار کے قریب لوگوں نے اپنا پیسہ لگایا اور ملزمان کی جانب سے صارفین کو روزانہ کی بنیاد پر ایک سے 5 فیصد جب کہ ماہانہ 30 سے 90 فیصد منافع حاصل کرنے کا وعدہ کیا گیا۔

پولیس کے مطابق اس فراڈ میں ملوث چنئی سے تعلق رکھنے والا اہم ملزم گرفتار ہے جس سے تفتیش جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں