ملتان ٹیسٹ کے دوسرے روز 6 وکٹ کے نقصان کے ساتھ انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے۔
گزشتہ روز ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
میچ کے پہلے دن کے اختتام پر پاکستان نے شان مسعود اور عبداللہ شفیق کی شاندار سنچریوں کی بدولت 4 وکٹ کے نقصان پر 328 رنز بنالیے تھے۔
میچ کے دوسرے روز سعود شکیل اور نسیم شاہ نے کھیل کا آغاز کیا تو نسیم شاہ 388 کے اسکور پر 33 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جب کہ ان کے بعد آنے والے محمد رضوان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کے 393 رنز پر 6 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے، اس وقت کریز پر سلمان آغا اور سعود شکیل موجود ہیں۔
ٹیسٹ میچ کا پہلا دن
گرین شرٹس کی جانب سے عبد اللہ شفیق اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا لیکن صائم ایوب جلد ہی صرف 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے تھے جس کے بعد بعد عبد اللہ شفیق اور شان مسعود نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا تھا ۔
شان مسعود نے 2 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے اپنی سنچری مکمل کی بعد ازاں عبد اللہ شفیق 102 اور کپتان شان مسعود 151 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے ، پاکستان کی چوتھی وکٹ بابر اعظم کے طور پر گری جب سابق کپتان 30 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے تھے,
پاکستان کی پلیئنگ الیون
کپتان شان مسعود، سعود شکیل، بابر اعظم، صائم ایوب اور عبداللّٰہ شفیق ٹیم میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان، سلمان علی آغا اور عامر جمال بھی پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔ شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد بھی ٹیم میں شامل ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے دو ٹیسٹ ملتان میں کھیلے جائیں گے۔