اس سے بڑھ کر مایوسی نہیں ہو سکتی، ہم 20 کیا 10وکٹیں بھی نہیں لے رہے: شان مسعود

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ ہم 20 کیا اچھے انداز سے 10 وکٹیں بھی نہیں لے رہے جو بہت ہی مایوس کن بات ہے۔

ملتان ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو ایک اننگز اور 47 رنز سے شکست دی ہے۔

انگلینڈ سے بدترین شکست کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ اس سے بڑھ کر کوئی اور مایوسی نہیں ہو سکتی، ہار ہمیشہ مایوسی دیتی ہے، 20 وکٹیں حاصل کیے بغیر آپ ٹیسٹ میچ نہیں جیت سکتے، انگلینڈ نے راستہ نکالا اور 20 آؤٹ کیے، ہمیں انگلینڈ نے راستہ نکالنا سکھایا ہے، انگلینڈ نے اچھے عزم کا مظاہرہ کیا اور کامیابی حاصل کی۔

کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ پہلی اننگز میں ٹیم نے اچھا اسکوربنایا تھا، ہمیں دوسری اننگز اچھی کھیلنی چاہیے تھی، ہم میچ سیٹ کر کے ہار رہے ہیں، ہمیں جیت کے لیے راستہ نکالنا سیکھنا ہے، ہمیں طریقہ نکالنا ہے کہ پہلی اننگز اچھی کھیلنے کے بعد میچ پراپنی گرفت برقرار کیسے رکھی جائے۔

انھوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ آسان نہیں، ہم پچزکے لیے اپنی ضرورت اور اسکواڈ بتاتے ہیں، دوسرے ٹیسٹ کے لیے بیٹھیں گے اور اچھا کمبی نیشن بنانے کی کوشش کریں گے۔

کپتان شان مسعود نے سابق کپتان کی بیٹنگ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بابراعظم پاکستان کا بہترین بیٹر ہے، وہ ایک اننگز کی دوری پر ہیں، دوسری جانب ابراراحمد اسپتال میں ہیں، دعا ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہوں۔

انگلش کپتان کی پریس کانفرنس
دوسری جانب انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان اولی پوپ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے لیے ایک اسپیشل جیت ہے، اس جیت کا کریڈٹ پوری ٹیم کو جاتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ جیک لیچ کی واپسی سے بہت فائدہ ہوا، جیک لیچ بیٹرزکو چیلنج کرنے کی کوشش کرتے ہیں، ایسی پچ پر آپ کو فوکس کرکے موقع کی تلاش رہتی ہے۔

اولی پاپ کا مزید کہنا تھا کہ میچ کے چوتھے روز یکے بعد دیگرے وکٹیں ملنے کی وجہ سے موقع ملا، ساڑھے5 سو رنز بہت زیادہ ہوتے ہیں، جو روٹ اور ہیری بروک نے اچھی اننگز کھیلیں۔

دوسرا ٹیسٹ میچ
واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ بھی ملتان میں ہی کھیلا جائے گا، انگلینڈ کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں