کراچی میں شدید گرمی کے باعث بادلوں کی تشکیل، آندھی کیساتھ بارش کا امکان

کراچی: شہر میں گرمی کے باعث بادلوں کی تشکیل ہو رہی ہے جس کے سبب ایک سے 2 گھنٹے میں آندھی کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کراچی کے شمال اور شمال مشرقی حصے پر گرمی کے باعث بادل بن رہے ہیں جس وجہ سے کراچی کے مضافات میں چند گھنٹوں میں آندھی اور بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سپرہائی وے، ڈی ایچ اے سٹی، سرجانی ٹاؤن، گڈاپ، اسکیم 33، ملیر اور بن قاسم میں بھی آندھی اور بارش ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے یہ بھی بتایا کہ جنوب مشرقی بحیرہ عرب پر ہوا کا کم دباؤ موجود ہے جس کیلئے محکمہ موسمیات کے سائیکلون الرٹ سینٹر نے اعلامیہ جاری کردیا ہے۔

موسم کا حال بتانے والوں نے مزید بتایا کہ ہوا کا کم دباؤ کراچی کے جنوب مشرق میں تقریباً 1000 کلو میٹر پر ہے، سازگار موسمیاتی حالات کے باعث آئندہ 2 سے 3 روز کے دوران یہ سسٹم ڈپریشن میں تبدیل ہو سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق یہ سسٹم شمال مغرب کی طرف بڑھے گا جس سے پاکستان کے ساحلی علاقے کو کوئی خطرہ نہیں جبکہ سائیکلون وارننگ سینٹر کراچی سسٹم کی نگرانی کر رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں