پرسکون نیند کسی نعمت سے کم نہیں جس کی کمی سے انسان کو نہ صرف جسمانی بلکہ ذہنی طور پر بھی کمزور کرتی ہے۔
نیند کا ہماری صحت پر گہرا اثر ہوتا ہے، اگر آپ وقت پر سونے کی عادت بنائیں تو آپ ذہنی و جسمانی طور پر صحت مند رہ سکتے ہیں اور بہت سی بیماریوں سے بھی بچ سکتے ہیں۔
تاہم آپ کو یہ بات سن کر حیرت ہوگی کہ اگر نیند پوری نہ ہو تو یہ آپ کے بال جھڑنے کی وجہ بھی بن سکتی ہے۔
نیند بالوں کو کیسے متاثر کرتی ہے؟
ماہرین کا کہنا ہےکہ جب انسان کی نیند پوری نہ ہو تو کورٹیسون نامی تناؤ کا ہارمون جسم سے خارج ہوتا ہے جو نہ صرف ہماری صحت کیلئے نقصان دہ ہے بلکہ یہ ہی تناؤ بالوں کے جھڑنے کا سبب بھی بن سکتا ہے۔
مختلف تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ نیند کی کمی بال جھڑنے کی وجہ بننے کے ساتھ ساتھ بالوں کی نشوونما کو بھی متاثر کرتی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس حوالے سے 2002 سے 2013 تک کی جانے والی ایک کوریائی تحقیق میں بالوں کے گرنے پر نیند کی خرابی کے اثرات کا جائزہ لیا گیا جس میں انکشاف ہوا کہ نیند کی کمی کے شکار افراد میں گنچ پن کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔
کتنے گھنٹے کی نیند ضروری ہوتی ہے؟
ماہرین کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کم از کم 7 سے 8 گھنٹے کی نیند ہر فرد کیلئے ضروری ہے جو نہ صرف آپ کو ذہنی اور جسمانی تناؤ سے بچاتی ہے بلکہ اپ کی آنکھوں کے ساتھ ساتھ آپ کی جلد کیلئے بھی ضروری ہے۔