صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو شہید کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو نے حال ہی میں پیدا ہونے والے اپنے تیسرے بیٹے کا نام رکھ دیا۔
منگل کی صبح فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر بختاور بھٹو اور ان کے شوہر محمود چوہدری نے مشترکہ پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے بتایا کہ جوڑے نے اپنے ننھے بیٹے کا نام منتخب کرلیا ہے۔
بے نظیر بھٹو شہید کی بڑی صاحبزادی نے بتایا کہ انہوں نے اپنے چھوٹے شہزادے کا نام اپنے نانا سے منسوب کرتے ہوئے ’میر ذوالفقار محمود چوہدری‘ رکھا ہے۔
اس کے ساتھ ہی دونوں نے اپنے چھوٹے بیٹے کے حق میں دعا کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اس پاک پروردگار کے نام سے جو بڑا مہربان نہایت رحم والا ہے، یہ نام اس کے حق میں بہتری، برکت، اچھی صحت اور خوش قسمتی لائے۔
انہوں نے بیٹے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے مزید لکھا کہ یا اللّٰہ اسے پیار و محبت بامٹنے والا، لوگوں سے ہمدردی کرنے والا بنانا، اسے سیدھا راستہ، آپﷺ کا راستہ دکھانا۔
خیال رہے کہ محمود چوہدری اور بختاور بھٹو کے یہاں تیسرے بیٹے کی پیدائش 20 اکتوبر کو ہوئی تھی جس کا اعلان دونوں نے پیر 21 اکتوبر کی صبح کیا تھا۔
بختاور اور محمود چوہدری کی شادی 31 جنوری 2021 کو کراچی کے بلاول ہاؤس میں ہوئی تھی، ان کے تیسے بیٹے سے بڑے دو بیٹے میر حاکم محمود چوہدری اور میر سجاول محمود چوہدری ہیں۔
ان کے ہاں پہلے بیٹے میر حاکم محمود چوہدری کی پیدائش 11 اکتوبر 2021 کو جب کہ دوسرے بیٹے میر سجاول محمود چوہدری کی پیدائش 5 اکتوبر 2022 کو ہوئی تھی۔