اسلام آباد: عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ طے شدہ ہدف کے مطابق دسمبر کے آخر تک ایف بی آر نے تاجر دوست اسکیم (ٹی ڈی ایس) کے ذریعے 25 ارب روپے جمع کرنے ہیں۔
ایف بی آر نے تاجر دوست اسکیم کے ذریعے دسمبر تک 25 ارب روپے جمع کرنے ہیں مگر ٹیکس مشینری کو اب تک بہت کم ردعمل موصول ہوا ہے اور صرف 1.3 ملین (13 لاکھ) روپے جمع ہوئے ہیں۔
ایف بی آر نے پیر کو آئی ایم ایف کے ساتھ اپنا ٹرانسفارمیشن پلان شیئر کیا جس میں بینک اکاؤنٹس کو منجمد کرنے، پلاٹس اور نئی گاڑیوں کی خریداری پر پابندی لگانے جیسی سخت کارروائی کے لیے ایک آرڈیننس کے نفاذ کی امکان پر بات چیت کی گئی۔
اس حوالے سے حکام کا بتانا ہے کہ متوقع آرڈیننس تیار ہو چکا ہے اور آئی ایم ایف سے کلیئرنس ملنے کے بعد نافذ کیا جائے گا۔
خبر کے مطابق ’ایف بی آر نے ٹی ڈی ایس میں تجویز کردہ تبدیلیاں بھی شیئر کی ہیں لیکن آئی ایم ایف نے اب تک اس پر کوئی جواب نہیں دیا ہے کیونکہ پالیسی سازوں کی خواہش ہے کہ ٹی ڈی ایس میں کچھ تبدیلیاں کی جائیں اور تھوک فروشوں اور پوش علاقوں کے خوردہ فروشوں کو نشانہ بنایا جائے‘۔
اعلیٰ سرکاری ذرائع نے دی نیوز کو تصدیق کی کہ خوردہ فروشوں کے لیے ٹی ڈی ایس اسکیم اب تک کوئی معتبر نتائج حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے کیونکہ رجسٹرڈ خوردہ فروشوں کی تعداد تقریباً 80,000 تک پہنچ گئی ہے لیکن صرف 550 خوردہ فروشوں نے قومی خزانے میں تقریباً 1.3 ملین روپے جمع کرائے ہیں۔