گینگسٹرلارنس بشنوئی کا نام لے کر سلمان خان کو دھمکیاں دینے والے شخص کو گرفتار کرلیاگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے تصدیق کی ہےکہ اداکار کو دھمکیاں دینے والے ملزم کو جمشیدپور سے گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم گینگسٹر لارنس بشنوئی کا نام لے کر بالی وڈ اداکار کو دھمکاتا تھا اور اس نے سلمان خان سے 5 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ بھی کیا تھا۔
پولیس کے مطابق ممبئی ٹریفک پولیس کو دھمکی آمیز پیغام موصول ہونے کے بعد نامعلوم شخص کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کی گئی تھی۔
ابتدائی طور پر 18 اکتوبر کو ملزم نے ممبئی ٹریفک پولیس کے کنٹرول روم کے نمبر پر دھمکی آمیز پیغام بھیجا تھا جس کے بعد رواں ماہ کی 21 تاریخ کو ممبئی پولیس کو ملزم کے پیغام میں معافی نامہ بھی موصول ہوا تھا جس میں کہا گیا کہ یہ پیغام غلطی سے بھیجا گیا۔
پولیس نے پیغام بھیجنے والے شخص کی لوکیشن جھارکھنڈ سے ٹریک کی تھی اور پیغام بھیجنے والے شخص نے دعویٰ کیا کہ وہ لارنس بشنوئی گروہ کے قریب ہے جب کہ اس نے بھتہ نہ دینے پر سلمان خان کی جان کو لاحق خطرے سے بھی خبردار کیا تھا۔
واضح رہے کہ سلمان خان کو مسلسل بشنوئی گینگ کی جانب سے قتل کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور حال ہی میں بدنام زمانہ گینگسٹر نے دیرینہ دشمنی ختم کرنے کے لیے سلمان خان سے بھاری رقم کا مطالبہ بھی کیا تھا۔