معیشت درست سمت پر گامزن، مہنگائی کم اور معاشی سرگرمیاں بحال ہورہی ہیں: گورنر اسٹیٹ بینک

کراچی: گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہےکہ معیشت درست سمت پر گامزن ہے جب کہ مہنگائی کم اور معاشی سرگرمیاں بحال ہو رہی ہیں۔

واشنگٹن میں گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد کی آئی ایم ایف اور عالمی سرمایہ کاروں سے ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر ملاقات ہوئی۔

گورنر اسٹیٹ بینک کی بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسیوں سے بھی ملاقات ہوئی جہاں جمیل احمد نےگزشتہ سال پاکستان کے معاشی انڈیکیٹرز میں نمایاں بہتری کا جائزہ پیش کیا۔
اس موقع پر گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ پاکستان سمیت عالمی اور ابھرتی ہوئی معیشتوں کو چیلنجز درپیش ہیں، معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سخت پالیسی اقدامات کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی مالیاتی یکجائی نے معاشی استحکام بحال کرنے میں اہم کردار ادا کیا، اسٹیٹ بینک اور حکومت دونوں نے استحکام کے لیے اہم اقدامات پر عمل کیا، ان اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔

جمیل احمد کا کہنا تھا کہ مہنگائی عروج پرپہنچنےکے بعد اب واضح طورپر نیچےجارہی ہے، معاشی سرگرمیاں بحال ہو رہی ہیں، معیشت درست سمت میں گامزن ہے، مئی 2023 میں مہنگائی38 فیصد تھی، 2024 میں 6.9 فیصد رہ گئی، مشکل حالات کے باوجود پچھلے 12 ماہ کے دوران بیرونی کھاتہ خاصا بہتر ہوا۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ بیرونی جاری خسارہ بھی نمایاں طور پرکم ہوا، رقوم کی آمد میں بہتری نے اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر 11ارب ڈالر تک پہنچا دیے، اسٹیٹ بینک کا ہدف زرمبادلہ ذخائر کو جون 2025 کے آخر تک 13 ارب ڈالر تک پہنچانا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں