اداکارہ نعیمہ بٹ اپنے لمبے بالوں کی وجہ سے سب کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں اور انہیں انڈسٹری میں بالوں کی وجہ سے ‘راپنزل’ کا نام بھی دیا گیا ہے۔
لمبے گھنے بال ہونا خواتین کی خواہش ہوتی ہے جس کے لیے وہ کافی جتن کرتی ہیں اور مہنگے پراڈکٹس کے ساتھ ساتھ گھریلو ٹوٹکے بھی آزماتی ہیں۔
ان دنوں اداکارہ نعیمہ بٹ کے بال سب کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں اور لوگ ان کے بالوں کا راز جاننے کی خواہش رکھتے ہیں۔
حال ہی میں اداکارہ نے جیو کے کامیڈی شو ’ہنسنا منع ہے’ میں شرکت کی جہاں میزبان تابش ہاشمی نے اداکارہ سے لمبے بالوں کا راز پوچھا۔
اس پر نعیمہ بٹ نے اپنے لمبے بالوں کو اللہ کی طرف سے تحفہ قرار دیا اور بتایا کہ بالوں کا تعلق خاندان سے بھی جڑا ہوتا ہے، جینز میں ہونے کے سبب بال اچھے ہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ اچھی خوراک، زیادہ پانی پینے، وٹامنز کا استعمال اور بالوں کی دیکھ بھال بھی بال لمبے اور گھنے ہونے کی وجہ بنتے ہیں۔
میزبان نے ایک اور سوال پوچھا کہ کیا بالی وڈ کے کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے پر بال کٹوادیں گی؟ اس کے جواب میں نعیمہ بٹ نے کہا کہ شاہ رخ خان کیلئے تھوڑے سے بال کٹوا سکتی ہوں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اداکارہ نے انٹرویو میں بتایا تھا کہ انڈسٹری میں ان کے بالوں کی وجہ سے بہت مسائل ہیں، اسٹائلنگ کی وجہ سے بال کاٹنے کا کہا جاتا ہے لیکن وہ ایسی باتوں پر کان نہیں دھرتیں۔