ایکس کے بلاک فیچر میں متنازع تبدیلی کو متعارف کرا دیا گیا

ایکس (ٹوئٹر) پر اگر آپ کسی فرد سے تنگ آکر اسے بلاک کرتے ہیں تو یہ جان لیں کہ ایسا کرنے سے اب کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

جی ہاں سوشل میڈیا پلیٹ فارم میں ایک متنازع تبدیلی پر عملدرآمد شروع ہوگیا ہے۔

ایکس کے ایک آفیشل اکاؤنٹ پر بتایا گیا کہ ہم نے بلاک فیچر میں کی جانے والی اپ ڈیٹ کو متعارف کرانے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ ستمبر 2024 میں ایکس کے مالک ایلون مسک نے بتایا تھا کہ بلاک فیچر میں تبدیلی کی جا رہی ہے۔

اس تبدیلی کے بعد ایکس پر کی جانے والی آپ کی پبلک پوسٹس کو تمام افراد دیکھ سکیں گے، یہاں تک کہ وہ صارفین بھی جن کو آپ نے بلاک کیا ہوا ہوگا۔

ابھی اگر ایکس پر آپ کو کوئی بلاک کردے اور پھر آپ اس فرد کی پروفائل دیکھنے کی کوشش کریں تو یو آر بلاکڈ لکھا نظر آتا ہے۔

آپ اس فرد کے اکاؤنٹ کے فالوورز، ریپلائیز یا دیگر تفصیلات بھی نہیں دیکھ سکتے، مگر اس نئی تبدیلی کے بعد اس صارف کی پبلک پوسٹس اور پروفائل پیج کو دیکھنا ممکن ہوگا۔

البتہ اب بھی بلاک ہونے پر آپ اس صارف کو فالو نہیں کرسکیں گے، ڈائریکٹ میسج یا پوسٹس پر ریپلائی نہیں کرسکیں گے۔

خیال رہے کہ ایلون مسک بلاک فیچر کے سخت مخالف ہیں اور اگست 2023 میں انہوں نے عندیہ دیا تھا کہ بلاک کا آپشن ختم کیا جا سکتا ہے۔

یہ فیچر ایکس پر بہت زیادہ استعمال کیا جاتا ہے مگر کمپنی کے مطابق ہمارا مقصد صارفین کو زیادہ کنٹرول فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ پوسٹس تک عوامی رسائی کو برقرار رکھنا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں