دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں بھارتی شہر دہلی اور پاکستان کا لاہور سرفہرست

دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں رات دیر گئے بھارتی دارالحکومت دہلی پہلے اور پاکستان کا شہر لاہور دوسرے نمبر پر آگئے۔

آلودہ ترین شہروں میں دہلی کا ائیر کوالٹی انڈیکس 1267 ریکارڈ کیا گیا جبکہ لاہورکی ہوا میں آلودگی کا تناسب 644 ریکارڈ کیا گیا۔

پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور کے بعد ملتان کا دوسرے اور اسلام آباد کا تیسرے نمبر پر جبکہ راولپنڈی کا چوتھا اور پشاور کا پانچوں کا نمبر شمار کیا گیا۔

پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند اور اسموگ کے باعث مختف موٹرویز بھی بند کردیے جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی۔

ترجمان موٹرویز پولیس کے مطابق موٹروے ایم 2، ایم 3، ایم 4 اور ایم 5 سمیت دیگر شاہراہوں کو مختلف مقامات پر ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق اسموگ اور دھند کے باعث حد نگاہ کم ہونے پر موٹر وے ایم 2 کو لاہور سے شیخوپورہ، موٹر وے ایم 4 کو لاہور سے درخانہ، ایم 11 کو سمبڑیال تک بند کیا گیا ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کیلئے بند کیا جاتا ہے۔

ترجمان نے مشورہ دیا کہ روڈ یوزرز اسموگ اور دھند کے سیزن میں دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیا کریں، رات کو سفر کرنا پڑے تو گاڑی کے آگے اور پیچھے فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔

اسموگ نے پنجاب میں تعلیمی نظام کو بھی متاثرکردیا ہے، اسموگ کے باعث تعلیمی ادارے بند رہیں گے جبکہ نجی اداروں کو آدھا اسٹاف آن لائن شفٹ میں ٹرانسفر کرنے کا حکم دیدیا گیا ہے۔

لاہور میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف ڈولفن فورس نے کارروائیاں شروع کردی ہیں۔

خیال رہے کہ پنجاب کے علاوہ صوبہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی اسموگ موجود ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں