ملتان: نشتر اسپتال کے ڈائیلسز یونٹ سے مریضوں میں ایڈز کی منتقلی کی انکوائری رپورٹ سامنے آگئی۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق انکوائری میں 25 مریضوں میں ایڈز وائرس منتقل ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق کمیٹی نے ایم ایس نشتر اسپتال، ہیڈ آف نیفرالوجی کو واقعے کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔
کمیٹی کل اپنی رپورٹ پنجاب حکومت کو پیش کرے گی جبکہ ڈائیلسز یونٹ کا تمام ریکارڈ قبضہ میں لے لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ نشتر اسپتال کے ڈائیلیسز یونٹ میں ایڈز کے مریض کا ڈائیلیسز کیا گیا تھا جس کے بعد اسی مشین پر دیگر مریضوں کا ڈائیلیسز کرنے سے وائرس ان میں بھی منتقل ہوگیا۔
اسپتال انتظامیہ کا بتانا تھا کہ 30 مریضوں کے ایڈز میں مبتلا ہوجانے کے بعد 2 ڈائیلیسز مشینوں کوبند کردیا گیا ہے۔