‘صاحبہ سے ملے 8 مہینے ہوگئے’، نشو بیگم پہلے شوہر کو اسکی وجہ قرار دیتے ہوئے رو پڑیں

پاکستان شوبز انڈسٹری کی سابقہ معروف اداکارہ نشو بیگم نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے اپنی بیٹی صاحبہ سے تعلقات اچھے نہیں ہیں جس کی وجہ صاحبہ کے والد اور ان کے سابق شوہر ہیں۔

حال ہی میں نشو بیگم کا ایک انٹرویو کلپ سوشل میڈیا کی زینت بنا جس میں وہ اپنے حالات کا تذکرہ کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں، شو کے میزبان سے گفتگو کرتے ہوئے نشو نے کہا کہ میری پہلی شادی کا فیصلہ انتہائی غلط تھا جس کا احساس اب ہوتا ہے۔

سابقہ اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے فلمی کیرئیر کے آغاز کے 5 سال بعد جوانی میں ہی شادی کی تھی، یہ ایک غلط فیصلہ تھا، میری پہلی شادی نے میرا سب کچھ چھین لیا، گاڑیاں، گھر، زیور اور دوسری ملکیت بھی اس شادی نے چھین لی۔

اداکارہ نے کہا کہ انہیں مال و ملکیت کے چھن جانے پر کوئی افسوس نہیں تھا، انہوں نے اپنی پہلی شادی سے ایک قیمتی چیز اپنی بیٹی بچائی جو کہ اس وقت ان کے پیٹ میں تھی لیکن اب کئی سال بعد ایسا ڈاکہ پڑا کہ سب کچھ چھن گیا۔

سینئر اداکارہ نے کہا کہ پہلے شوہر کی وجہ سے وہ گزشتہ 8 ماہ سے اپنی بیٹی صاحبہ سے نہیں مل سکیں، بیٹی سے نہ مل پانے کی بات کرتے ہوئے نشو آبدیدہ ہوگئیں اور کہا کہ بیٹی سے نہ مل پانے کی وجہ سے انہیں ایسا لگتا ہے کہ کسی نے ان کا کلیجہ ان کے سینے سے نکال دیا ہو۔

نشو بیگم نے بیٹی سے نہ ملنے کا الزام اپنے پہلے شوہر اور صاحبہ کے والد پر عائد کیا تاہم انہوں نے واضح نہیں کیا کہ بیٹی ان سے کیوں نہیں مل رہیں۔

نشو بیگم نے کہا کہ وہ اپنے ذاتی اور گھریلو معاملات سوشل میڈیا پر نہیں لانا چاہتی تھیں لیکن اب جبکہ ہر بات سوشل میڈیا پر آگئی ہے تو وہ بھی اپنے اندر کی ساری باتیں باہر لائیں گی۔

واضح رہے کہ صاحبہ نے زندگی میں پہلی بار مارچ 2024 میں اپنے حقیقی والد سے ملاقات کی تھی جس کے بعد وہ متعدد بار والد سے ملیں۔ انہوں نے 42 سال بعد اپنے والد امام ربانی سے ملاقات کی تھی، جن سے ان کی والدہ کی ان کی پیدائش سے قبل ہی علیحدگی ہوگئی تھی۔

خیال رہے کہ سابقہ اداکارہ نشو نے پہلی شادی طلاق پر ختم ہونے اور صاحبہ کے 10 سال ہونے کے بعد دوسری شادی کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں