جنوبی افریقی بولرز کی تباہ کن بولنگ، سری لنکا ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے کم ترین اسکور پر آؤٹ

جنوبی افریقا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکن بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی، سری لنکن ٹیم ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے کم ترین اسکور پر آؤٹ ہوگئی۔

ڈربن میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز سری لنکا کی ٹیم جنوبی افریقا کے پہلی اننگز کے 191 کے اسکور کے جواب میں صرف 42 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

جنوبی افریقی بولرز کے سامنے سری لنکا کے 9 بیٹرز ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہیں ہوئے۔ 5 بیٹرز صفر پر آؤٹ ہوئے۔ کامندو مینڈس 13 اور لاہیرو کمارا 10 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے مارکو یانسن نے 13 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کیں۔

42 رنز پر آؤٹ ہونا سری لنکا کا اپنی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے کم اسکور ہے۔اس سے قبل سری لنکا کی ٹیم 1994 میں کینڈی میں پاکستان کے خلاف 71 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی۔

اس کے علاوہ سری لنکا کا 42 رنز پر آؤٹ ہونا، ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی تاریخ میں کسی بھی ٹیم کا دوسرا کم ترین اسکور ہے۔

اس سے قبل بھارتی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف 2020 میں صرف 36 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقا نے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر سری لنکا کے خلاف دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنالیے اور اسے مہمان ٹیم پر281 رنز کی برتری حاصل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں