کراچی: محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں سرد موسم کی آمد کی نوید سنادی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائیں بلوچستان اور ملک کے بالائی علاقوں میں آج سے 2 دسمبر کے دوران اثرانداز رہ سکتی ہیں اور 4 دسمبر کے بعد درجہ حرارت میں کمی آنا شروع ہوجائے گی۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ مغربی ہواؤں کا سسٹم ملک سے نکلنے پر سردی کی لہر ملک پراثر انداز ہوسکتی ہے جس کے بعد 4 دسمبر سے درجہ حرارت میں کمی آنا شروع ہوجائے گی جب کہ کوئٹہ سے چلنے والی خنک ہوائیں شہرکا موسم خنک کرسکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 4 دسمبر سےدرجہ حرارت 16 سے 17 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے جب کہ کراچی میں بھی 4 دسمبر سے رات کے درجہ حرارت میں کمی آنا شروع ہوجائے گی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں موسم سرما عام طور پر 15 دسمبر سےشروع ہوتا ہے جب کہ رواں سال نومبر میں کراچی میں معمول سے زائد درجہ حرارت رہا ہے۔