پنجاب میں ایک لاکھ صارفین کیلئے سی ایم پنجاب فری سولر پینل اسکیم لانچ کردی گئی

لاہور: پنجاب میں ایک لاکھ صارفین کے لیے سی ایم پنجاب فری سولر پینل اسکیم لانچ کردی گئی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے سی ایم پنجاب فری سولر پینل اسکیم کا باقاعدہ افتتاح کردیا جسے حاصل کرنے کیلئے پنجاب کے صارفین آج سے ہی ایس ایم ایس یا آن لائن پورٹل پر گھر بیٹھے اپلائی کرسکتے ہیں۔

صوبائی سیکرٹری توانائی نے سی ایم پنجاب فری سولر پینل اسکیم کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اسکیم کے تحت سال بھر میں ایک لاکھ سولر سسٹم لگائے جائیں گے، صوبے میں ماہانہ 200 یونٹ تک صرف کرنے والے صارفین کو سولر سسٹم مفت دیا جائے گا اور 100یونٹ ماہانہ صرف کرنے والے 52 ہزار 19 صارفین کو 550 واٹ کا مفت سولر سسٹم دیا جائے گا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ 200 یونٹ تک ماہانہ بجلی صرف کرنے والے صارفین کو 1100واٹ کا سولر سسٹم مفت دیا جائے گا اور سی ایم پنجاب فری سولر پینل اسکیم میں شفافیت کیلئے کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کی جائے گی۔

اس موقع پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ فری سولر پینل اسکیم کا مقصد عوام کو مہنگی بجلی سے مستقل ریلیف دینا ہے، فی یونٹ 14روپے سبسڈی سے پنجاب کے 73 لاکھ صارفین مستفید ہوئے، عوام کے وسائل عوام کی سہولت اور ریلیف کیلئے ہی خرچ ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں