جناح ہاؤس حملہ: 8 پی ٹی آئی کارکنان بے گناہ، حسان نیازی کی بہن مجرم قرار

لاہور: جناح ہاؤس حملہ کیس کی جے آئی ٹی نے 8 پی ٹی آئی کارکنان کو بے گناہ اور حسان نیازی کی بہن کو مجرم قرار دیدیا۔

لاہورکی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج منظر علی گل نے جناح ہاؤس حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے کی سماعت کی جس میں عدالت کو بتایا گیا کہ جے آئی ٹی نے تفتیش میں خواتین سمیت 8 پی ٹی آئی کارکنوں کو بے گناہ قرار دیا ہے۔

بےگناہ قرار دیے گئے افرادکے وکلا نے ضمانت کی درخواستیں واپس لینے کی استدعا کی جس پر عدالت نے ضمانت کی درخواستیں واپس لینے کی بنیاد پر انہیں نمٹا دیا۔

علاوہ ازیں جے آئی ٹی نے تفتیش میں حسان نیازی کی بہن حاجرہ نیازی کو گناہ گار قرار دیا جب کہ فاطمہ حیدر، بینا ذیشان اور رخسانہ نوید بھی قصور وارقرار پائیں۔

بعد ازاں عدالت نے حاجرہ نیازی سمیت دیگر کی عبوری ضمانت میں 15 جنوری تک توسیع کردی۔

خیال رہے کہ جناح ہاؤس حملہ کیس کے ملزمان کے خلاف تھانہ سرور روڈ پولیس نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں