بھارتی ریاست اڑیسہ میں مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے ہاتھیوں کی زندگیوں کو بچا لیا گیا۔
ضلع سندر گڑھ کے جنگلات میں ایک بچے سمیت 3 ہاتھیوں کو ٹرین کے خوفناک حادثے سے بچانے کیلئے محکمہ جنگلات نے مصنوعی ذہانت کا استعمال کیا۔
محکمہ جنگلات کے حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ ہاتھی ریلوے ٹریک کی جانب جا رہے تھے، جس سے وہ ممکنہ حادثے کا شکار ہو سکتے تھے۔
حکام کے مطابق مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے اعلیٰ معیار کے کیمروں سے ہاتھیوں کو دیکھا گیا جس کے ذریعے محکمہ ریلوے کو فوری آن لائن اطلاع دی گئی اور ٹرین کو رکوا دیا گیا۔
حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جانوروں کی نگرانی کیلئے ریلوے ٹریک کے قریب 4 کیمروں کو استعمال کیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یہ جنگلی حیات کے تحفظ کا ایک منصوبہ ہے اور اسے رورکیلا فاریسٹ ڈویژن میں پائلٹ بنیادوں پر لاگو کیا گیا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت کا استعمال کرکے ناصرف ہاتھیوں بلکہ ٹرین میں سفر کرنے والے انسانوں کی قیمتی جانوں کو بھی بچایا گیا۔