29 سال بعد اہلیہ سے طلاق ، کیا اے آر رحمان میوزک سے وقفہ لے رہے ہیں؟ بیٹے نے خاموشی توڑدی

عالمی شہرت یافتہ بھارتی موسیقار اے آر رحمان کے بیٹے اے آر امین نے والد کے میوزک انڈسٹری سے بریک لینے کی خبروں پر خاموشی توڑدی۔

بھارتی میڈیا پر اے آر رحمان اور سائرہ بانو کے درمیان علیحدگی کے بعد خبریں سامنے آئی تھیں کہ اے آر رحمان انڈسٹری سے ایک سال کا وقفہ لیں گے، ان خبروں پر اب اے آر امین کا سوشل میڈیا پر ردعمل سامنے آگیا ہے۔

اے آر امین نے والد کے میوزک انڈسٹری سے وقفہ لینے سے متعلق پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اپنے ردعمل میں لکھا کہ’ اے آر رحمان کا میوزک سے ایک سال کا طویل وقفہ کچھ بھی نہیں صرف جھوٹی افواہیں ہیں‘۔

اس سے قبل سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اے آر رحمان کی بیٹی خدیجہ کا ردعمل بھی سامنے آیا تھا، خدیجہ رحمان نے ٹوئٹر پر شیئر کی گئی پوسٹ ’اے آر رحمان موسیقی سے وقفہ لینے والے ہیں‘ پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ’برائے مہربانی ایسی بےکار افواہیں پھیلانا بند کریں ‘۔

اہلیہ کی جانب سے طلاق کا اعلان اور اے آر کا ردعمل
واضح رہے کہ اے آر رحمان کی اہلیہ سائرہ بانو نے شادی کے 29 سال بعد 19 نومبر کو شوہر سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا جس پر ردعمل دیتے ہوئے بھارتی موسیقار نے کہا تھا کہ ‘ہم نے شادی کے 30 برس تک پہنچنے کی امید کی تھی لیکن دنیا میں ہر چیز کا اختتام ہے جو کسی نے نہیں دیکھا، ٹوٹے ہوئے دلوں کے بوجھ سے خدا کا تخت بھی کانپ سکتا ہے، اگرچہ اس مشکل وقت سے گزرنے کی کوشش کر رہے ہیں، بکھرے ہوئے ٹکڑے واپس جڑ نہیں سکتے، ہم اپنے دوست احباب کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے نیک خواہشات کا اظہار اور ہم سے ہمدردی کی اور ہماری پرائیویسی کا خیال رکھا’۔

واضح رہے کہ اے آر رحمان نے 12 مارچ 1995 کو سائرہ بانو سے شادی کی تھی اور جوڑے کے تین بچے ہیں۔

اے آر رحمان اور سائرہ کی ارینج میرج ہوئی تھی، موسیقار نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ ان کی والدہ نے سائرہ سے شادی کرائی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں