محمود اچکزئی نے پی ٹی آئی سے سول نافرمانی کی تحریک مؤخر کرنے کی اپیل کردی

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی (پی کے میپ) کے سربراہ اور ممبر قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے پاکستان تحریک انصاف سے سول نافرمانی کی تحریک مؤخر کرنے کی اپیل کر دی۔

محمود خان اچکزئی کا کہنا ہے حکومت کے ساتھ مذاکرات وقت کی اہم ضرورت ہیں، پی ٹی آئی سے اپیل ہے کہ سول نافرمانی کی تحریک مؤخر کر دیں۔

ان کا کہنا تھا پی ٹی آئی کو مشورہ دیا ہے کہ مذاکرات میں طے ہونا چاہیے کہ حکومت کب ہٹے گی، بات چیت سے مسائل کا حل نکلے تو اس سے اچھی کوئی اور بات نہیں ہے، اگر بات چیت سے مسائل حل نہیں ہوتے تو تحریک چلانی پڑے گی۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ مذاکرات کی کامیابی کی صورت چار ماہ میں انتخابات کا مطالبہ کرتا ہوں۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ گزشتہ روز ہونے والے اپوزیشن اتحاد کے اجلاس میں محموداچکزئی نےکہا کہ بغیر حکمت عملی چڑھ دوڑنے سے بہتر ہے ضلعی سطح پراحتجاج ہو، رہنماؤں کے نرم رویے سے اپنا ہی نقصان ہوا، پی ٹی آئی قیادت کے فیصلوں میں ابہام سے نقصان ہوا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ محموداچکزئی نے بانی کی رہائی کیلئے حکمت عملی کے فقدان کی نشاندہی کی۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن اتحاد نے ماضی قریب میں پی ٹی آئی کے سولو فلائٹ کے بیانات کا ذکر کیا۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے 14 دسمبر سے ملک میں سول نافرمانی کی تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا تھا جبکہ پی ٹی آئی رہنماؤں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اگر حکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب نہیں ہوتے تو سول نافرمانی کی تحریک پر ہر صورت عمل درآمد ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں