بالی وڈ اداکار ویویک اوبرائے نے اپنی زندگی میں پیش آنے والے پُراسرار واقعے کا احوال بتایا ہے۔
حال ہی میں بھارتی یوٹیوب چینل کو دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران ویویک اوبرائے نے امدادی کاموں کے دوران پیش آنے والے پُراسرار ذاتی تجربے کا انکشاف کیا۔
دوران گفتگو ویویک اوبرائے نے بتایا کہ’ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی کے ایک مشکل دور کے دوران میری والدہ نے مجھے مشورہ دیا کہ میں دوسروں کی خدمت کروں‘، والدہ کے مشورے پر عمل کرتے ہوئے 2004 میں جنوبی بھارت جانے کا فیصلہ کیا اور سونامی کے متاثرین کے درمیان خیمہ لگاکر خود کو امدادی کاموں میں مصروف کر لیا۔
ویویک کے مطابق’ یہ وہ وقت تھا جب میں مسائل کی وجہ سے ذہنی طور پر بہت پریشان تھا، وہاں کسی نے مجھے مندر جانے کا مشورہ دیا جہاں میری ملاقات صرف دھوتی پہنے سفید داڑھی والے ضعیف شخص سے ہوئی‘۔
اداکار کے مطابق’اس سادہ سے ضعیف شخص نے روانی میں انگریزی میں بات کرکے مجھے چونکا دیا، انھوں نے مجھے اپنے پاس بٹھایا اور کہا کہ’تم بہت پریشان ہو، برے وقت سے گزر رہے ہوں، اسی لیے تمہیں مندر بھیجا گیا، تمہیں ایک بڑے مالی نقصان کا سامنا ہے لیکن تم خوش قسمت ہو، جو رقم تمہارے نقصان کو کم کر سکتی تھی، تم نے یہاں امدادی کاموں پر خرچ کی اور تم اس کا فائدہ اٹھاؤ گے‘۔
بھارتی اداکار کے مطابق’اس گفتگو کے بعد اس شخص نے مجھے چند ہدایات دے کر ان پر عمل کرنے کا کہا، اس کے بعد میں جب دوبارہ مندر گیا تو وہ شخص مجھے کہیں نہیں ملا، میں نے لوگوں سے پوچھا تو وہ حیران رہ گئے، انھوں نے مجھے بتایا کہ یہ مندر تو خالی ہے یہاں کوئی نہیں ہے‘۔