فیصل سے شادی سے قبل طلاق یافتہ تھی، دوران عدت رشتہ آیا: ثنا کا انکشاف

پاکستان کے سپر اسٹار فیصل قریشی کی تیسری اہلیہ ثنا فیصل نے انکشاف کیاہے کہ فیصل قریشی سے ان کی دوسری شادی ہے۔

ثنا فیصل حال ہی میں فیصل قریشی کے پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شریک ہوئیں جس دوران فیصل نے اہلیہ ثنا سے اپنی پہلی ملاقات اور شادی کا سوال کیا؟

جس کے جواب میں ثنا فیصل نے بتایا کہ میری اور فیصل کی پہلی ملاقات کافی ڈرامائی تھی جس پر ڈرامہ بھی بنایا جاسکتا ہے۔

دوران گفتگو ثنا نے انکشاف کیا کہ فیصل سے شادی سے قبل میں طلاق یافتہ تھی، دوران عدت فیصل کارشتہ میرے لیے آیا اور پھر خالہ نے مجھے اور گھر والوں کو فیصل کے رشتے کیلئے راضی کرلیا، وہ وقت میرے لیے ایک مشکل وقت تھا میں کچھ بھی نہیں کرنا چاہتی تھی، مجھ پر الزام لگایا جا رہا تھا کہ میں نے فیصل قریشی سے شادی کیلئے طلاق لی اور پھر یہ سوچا کہ فیصل سے شادی ہی ان سب چیزوں سے فرار ہے، شادی کر لی اور یہی فیصلہ میرے لیے ایک بہترین فیصلہ ثابت ہوا۔

ثنا کی پہلی شادی سے بھی قبل ان سے اپنی پہلی ملاقات کا احوال بتاتے ہوئے فیصل قریشی نے بتایا کہ میرے قریبی دوست کی شادی ثنا کی کزن سے ہوئی تھی، اس دوران ثنا مجھے اچھی لگی اور میں نے ان سے بہانے سے نمبر مانگ لیا لیکن اس ملاقات میں ثنا نے مجھے اپنا نمبر تک نہیں دیا، اس کے بعد ثنا کی شادی ہوگئی اور پھر وہ چلی گئی، جب میرے علم میں ان کی طلاق آئی تو میں نے ثنا کی خالہ کے ذریعے ایک بار پھر ان سے شادی کیلئے کوشش کی۔

فیصل قریشی نے مزید بتایا کہ ثنا سے میری شادی بہت سادگی سے اور رمضان میں ہوئی تھی، میں ثنا کو ایک جوڑے میں اپنے ساتھ لایا تھا۔

واضح رہے کہ فیصل قریشی نے 2010 میں ثنا سے شادی کی تھی جن سے ان کے دو بچے بیٹی آیت اور بیٹا فرمان قریشی بھی ہیں۔

فیصل قریشی کی پہلی شادی کم عمری میں ہوئی تھی جو طلاق پر ختم ہوئی، پہلی اہلیہ سے فیصل قریشی کی بیٹی ہانش قریشی ہیں جو شوبز میں قدم رکھ چکی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں