لاہور: فٹبال کی عالمی تنظیم( فیفا) نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن ( پی ایف ایف) نارملائزیشن کمیٹی کی مدت میں 2 ماہ کی توسیع کردی۔
فیفا کی جانب سے نارملائزیشن کمیٹی کے سربراہ ہارون ملک کو لکھے گئے خط میں 15فروری تک الیکشن عمل مکمل کرانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔
ذرائع کے مطابق نارملائزیشن کمیٹی کی مدت 15 دسمبر کو ختم ہوگئی تھی جس کے بعد پاکستان فٹ بال فیڈریشن نارملائزیشن کمیٹی کی مدت میں 2 ماہ کی توسیع کی گئی ہے جس سے کمیٹی کی مدت 15 فروری تک ہوگئی ہے۔
فیفا کے خط میں کہا گیا ہےکہ کمیٹی پی ایف ایف آئین میں جزوی تبدیلی اورالیکشن عمل مکمل کرائے، جنوری میں پی ایف ایف کانگریس بلاکر آئین میں ضروری ترامیم مکمل کی جائیں اور کانگریس اجلاس سے قبل نااہل قرار دیے گئے ڈپارٹمنٹس کی اپیلوں پرکارروائی مکمل کی جائے۔خط میں مزید کہا گیا ہے کہ 19 نومبرکا اجلاس ختم کرتے وقت 15 دسمبر سےقبل دوبارہ کانگریس بلانے پر اتفاق کیاگیاتھا لیکن ملکی صورتحال کی وجہ سے این سی ڈپارٹمنٹس کی اپیل نہ سن سکی اس لیےکانگریس اجلاس نہ بلایا جاسکا تاہم این سی کی فراہم کردہ ٹائم لائن کے بعد توقع ہے کہ جنوری تک آئینی کام مکمل ہوجائےگا۔