کیا آپ دنیا کے سب سے گہرے سوئمنگ پول میں غوطہ لگانے کی ہمت کرسکتے ہیں؟
یہ جان لیں کہ اس سوئمنگ پول کی گہرائی میں جانا کمزور دل افراد کے بس کی بات نہیں۔
اس سوئمنگ میں بہت کچھ موجود ہے جیسے ایک زیرآب ڈوبا شہر، آرکیڈ گیمز اور بھی بہت کچھ۔
200 فٹ گہرے اس بہت بڑے سوئمنگ پول کو ایسے ڈیزائن کیا گیا ہے کہ آپ اس میں غوطہ لگاکر ایک ڈوبے ہوئے شہر کی سیر کرسکتے ہیں۔
یہ سوئمنگ پول دبئی میں موجود ہے جو متعدد تعمیراتی عجائب جیسے دنیا کی بلند ترین عمارت برج الخلیفہ کا گھر بھی ہے۔
وہاں زیرآب موجود شہر کی نقل دیواروں، کمروں اور کھنڈرات پر مشتمل ہے جبکہ موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں بھی دیکھی جاسکتی ہیں۔
اسے ڈیپ ڈائیو دبئی کا نام دیا گیا ہے جسے انڈر واٹر فلم اسٹوڈیو کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
سوئمنگ پول کی تہہ میں صوفے، کرسیاں، اسنوکر ٹیبل، فٹبال گیم کی ٹیبل اور 27 اسپیکرز موجود ہیں۔
اسے آپ انسانوں کی تیار کردہ زیرآب غار بھی کہہ سکتے ہیں۔
ڈیپ ڈائیو دبئی کے ڈائریکٹر Jarrod Jablonski کے مطابق ہم نے اسے ایسے ڈیزائن کیا ہے کہ یہاں ہر فرد کو کچھ منفرد محسوس ہوتا ہے اور ان کے لیے یہاں غوطہ لگانے کا تجربہ یادگار ہوتا ہے۔
وہاں تربیتی کورسز بھی کرائے جاتے ہیں تاکہ اگر آپ غوطہ خوری کے میدان میں پہلی بار قدم رکھ رہے ہیں تو اسے سیکھ سکیں۔
تجربہ کار انسٹرکٹرز کی جانب سے غوطہ خوری کی تعلیم دی جاتی ہے اور پہلی بار غوطہ لگانے کے لیے رہنمائی بھی کی جاتی ہے۔
تجربہ کار غوطہ خوروں کو سوئمنگ پول کی گہرائی میں ڈوبے شہر کی کھوج کا موقع ملتا ہے جبکہ وہاں متعدد جدید ترین آلات جیسے انڈر واٹر اسکوٹرز اور کیمرے بھی موجود ہیں۔
مگر وہاں غوطہ لگانا سستا نہیں بلکہ نو آموز افراد کو غوطہ خوری کے لیے 800 یو اے ای درہم کی فیس ادا کرنا ہوگی۔
تجربہ کار غوطہ خوروں کے لیے 1600 یو اے ای درہم فیس مقرر کی گئی ہے۔
یہ اتنا گہرا ہے کہ اسے پانی سے مکمل طور پر بھرنے میں 41 دن درکار ہوتے ہیں اور اس کے دروازے جولائی 2021 میں کھولے گئے تھے۔