یونان حادثہ: کشتیوں کی تعداد کتنی اور ان میں کتنے پاکستانی تھے؟ سفارتخانے نے حکومت کو رپورٹ دیدی

یونان: تارکین وطن کی کشتیاں ڈوبنے اور اس کے نتیجے میں ہلاکتوں سے متعلق پاکستانی سفارت خانے نے اپنی رپورٹ حکومت کو بھجوادی۔

ایتھنز میں پاکستانی سفارت خانے نے یونان کی سمندری حدود میں تارکین وطن کی کشتی کو پیش آنے والے حادثے کی تحقیقاتی رپورٹ حکومت پاکستان کو بھجوائی۔

رپورٹ کے مطابق یونان کی سمندری حدود میں 3 کشتیوں کو حادثہ پیش آیا، تینوں کشتیاں لیبیا کے علاقے تبروک سے روانہ ہوئی تھیں، ایک کشتی میں 6 پاکستانیوں سمیت 45 افراد سوار تھے، پہلی کشتی میں سوارپاکستانی لڑکے سمیت تمام افرادکوبچالیاگیا، دوسری کشتی میں 5 پاکستانیوں سمیت 47 افراد سوار تھے اور ان تمام افراد کو بھی بچا لیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تیسری کشتی میں 83 افراد سوار تھے جن میں 76 پاکستانی، 3 بنگلا دیشی، 2 مصری اور 2 سوڈانی ڈرائیور شامل تھے، کشتی کے 39 افراد کو ریسکیو کیا گیا جن میں 36 پاکستانی شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق تیسری کشتی میں سوار 39 افراد تاحال لاپتا ہیں جن میں 35 پاکستانی ہیں جب کہ ریسکیوکیےگئے افرادمیں کشتی کاسوڈانی ڈرائیوربھی شامل ہے جسے گرفتار کرلیاگیا ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ تیسری کشتی میں سوار 5 افراد کی لاشیں ملیں جو پاکستانی ہیں، ان کا تعلق سیالکوٹ،گجرات اور منڈی بہاؤالدین سے ہے، 5 افراد میں سے 4 کی شناخت سفیان، رحمان علی، حاجی احمد اور عابد کے نام سے ہوئی جب کہ ایک لاش کی شناخت نہیں ہوسکی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں