چیٹ جی پی ٹی کا اے آئی سرچ انجن اب آپ مفت استعمال کرسکتے ہیں

چیٹ جی پی ٹی کا آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی سے لیس سرچ انجن اب تمام صارفین کو دستیاب ہے۔

اوپن اے آئی کی جانب سے اس بات کا اعلان کیا گیا۔

خیال رہے کہ اکتوبر 2024 میں چیٹ جی پی ٹی کا سرچ انجن متعارف کرایا گیا تھا تاکہ گوگل کو اس شعبے میں سخت ٹکر دی جاسکے۔

مگر اس وقت کمپنی کا کہنا تھا کہ یہ سرچ انجن چیٹ جی پی ٹی کے ماہانہ فیس ادا کرنے والے صارفین کو دستیاب ہوگا اور وہ رئیل ٹائم تفصیلات حاصل کرسکیں گے۔

کمپنی نے اس وقت بتایا تھا کہ چیٹ جی پی ٹی کو مفت استعمال کرنے والے صارفین کے لیے یہ سرچ انجن آئندہ چند ماہ میں دستیاب ہوگا۔

اب یہ سرچ انجن اس چیٹ بوٹ کو مفت استعمال کرنے والوں کے لیے بھی متعارف کرا دیا گیا ہے۔

مگر صارفین کو اسے استعمال کرنے کے لیے چیٹ جی پی ٹی پر اکاؤنٹ بناکر لاگ ان ہونا ہوگا۔

کمپنی کی جانب سے سرچ انجن کو بہتر بھی بنایا گیا ہے اور موبائل پر اس کا یوزر انٹرفیس اب روایتی سرچ انجن جیسا نظر آنے لگا ہے۔

اگر آپ کسی مخصوص لوکیشن جیسے ہوٹل یا معروف جگہ کو تلاش کرنا چاہتے ہیں تو چیٹ جی پی ٹی کی جانب سے رزلٹس کی ایک لسٹ ڈسپلے کی جائے گی جس میں تصاویر، ریٹنگز اور ان مقامات کے کھلنے کے اوقات درج ہوں گے۔

اگر آپ لوکیشن پر کلک کریں گے تو اس کے بارے میں مزید تفصیلات سامنے آئیں گی جبکہ ایپ کے اندر ہی میپ ڈائریکشن کو دیکھنا ممکن ہوگا۔

چیٹ جی پی ٹی میں ویب سرچ کا اضافہ اس اے آئی چیٹ بوٹ کو مائیکرو سافٹ کو پائلٹ اور گوگل جیمنائی جیسے اے آئی چیٹ بوٹس کا مقابلہ کرنے میں مدد فراہم کرے گا جن کو رئیل ٹائم انٹرنیٹ ڈیٹا تک رسائی حاصل ہوتی ہے۔

یہ سرچ انجن جی پی ٹی 4o اے آئی ماڈل پر مبنی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں