400 فونز کو بیک وقت استعمال کرکے ماہانہ لاکھوں روپے کمانے والا شخص

ہر فرد کمانے کے لیے اپنی کوشش کرتا ہے مگر چین میں ایک شخص نے اس مقصد کے لیے جو کچھ کیا وہ دنگ کر دینے والا ہے۔

مشرقی چین سے تعلق رکھنے والا شخص 400 سے زائد اسمارٹ فونز کو بیک وقت استعمال کرکے لائیو اسٹریمز سے انعامات جیتنے کی کوشش کرتا تھا، جسے اب گرفتار کرلیا گیا ہے۔

چینی میڈیا کے مطابق ما (پورا نام ظاہر نہیں کیا گیا) نامی شخص صوبے جیانگسو کی ایک رہائشی عمارت میں واقع چھوٹے سے گیراج میں سیکڑوں ڈیوائسز کو آپریٹ کرتا تھا۔

کچھ ہفتے قبل وہاں قریب سے گزرنے والے ایک بزرگ راہ گیر نے گیراج میں غیر معمولی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا تو اس نے پولیس کو رپورٹ کیا۔

اس راہ گیر کو شبہ تھا کہ وہاں کسی قسم کا فراڈ کیا جا رہا ہے جس پر پولیس نے اس شخص کو حراست میں لے لیا۔

مگر پولیس کی تفتیش میں ایک بالکل ہی مختلف کہانی سامنے آئی۔

ما نے پولیس کے سامنے تسلیم کیا کہ اس کے تمام فونز اسٹریمنگ پلیٹ فارم اکاؤنٹس سے منسلک ہیں تاکہ وہ ایک لائیو اسٹریم تک رسائی حاصل کرکے لکی بیگز جیتنے کے مواقع بڑھا سکے۔

چین میں اس طرح کے لکی بیگز جیتنے کے لیے ایک فون سے صرف ایک پیغام بھیجا جاسکتا ہے۔

ما کے مطابق اس طریقے سے اس نے متعدد چیزوں کو جیتا جن میں روزمرہ کے سامان، نئے آئی فون ماڈلز اور پرنٹرز وغیرہ شامل تھے۔

بعد ازاں ما نے اس سامان کو سیکنڈ ہینڈ سامان فروخت کرنے والے ای کامرس پلیٹ فارمز پر فروخت کر دیتا تھا۔

اس نے بتایا کہ اس طریقہ کار سے وہ ماہانہ 10 سے 20 ہزار یوآن (3 لاکھ 85 ہزار سے 7 لاکھ 71 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) کما رہا تھا۔

اس شخص نے فونز میں سم کارڈز کا استعمال نہیں کیا تھا بلکہ اس نے آن لائن مختلف اکاؤنٹس کو خرید لیا تھا۔

چونکہ اس طرح کے انعامی مقابلوں کے لیے اکاؤنٹس کی ذاتی تفصیلات کا اندراج کیا جاتا ہے تو پولیس نے ما پر دیگر افراد کی تفصیلات کو استعمال کرنے کا الزام عائد کیا ہے جو چین میں غیرقانونی ہے۔

پولیس کی جانب سے یہ تو نہیں بتایا گیا کہ اس پر کیا سزا سنائی جا سکتی ہے مگر چینی قوانین کے تحت اس جرم پر 3 سال قید یا جرمانے کی سزا سنائی جاسکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں