کراچی: ایم کیوایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے 24 دسمبر کو گورنر ہاؤس میں مہاجر کلچر ڈے پر سب کو شرکت کی دعوت دیتے ہیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کراچی میں آکر تمام قومیتوں کو یکجا ہونے کا موقع ملا، کراچی شہر نے کبھی کسی زبان کے خلاف بات نہیں کی، ایم کیو ایم جب بنی تو پیغام یہی تھا کہ ہم آپ کو اور آپ ہم کو تسلیم کریں، 24 دسمبر مہاجر کلچر ڈے پر کارکنان و عوام کو شرکت کی دعوت دیتے ہیں۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار کا کہنا تھا 3 سال سے گورنر ہاؤس میں سندھی کلچر ڈے منایا جاتا ہے، پہلی بار گورنر سندھ کو خیال آیا کہ مہاجر کلچر ڈے بھی منانا چاہیے، اگر گورنر سندھ نے اس بار احسن اقدام اٹھایا ہے تو ہم خیرمقدم کرتے ہیں۔
فاروق ستار کا کہنا تھا مہاجر کلچر بانیان پاکستان کی ثقافت ہے جنھوں نے ملک کے لیے قربانیاں دیں، کراچی مختلف ثقافتوں کا مسکن ہے، ایک وقت آئے گا کراچی کی ثقافت تمام ثقافتوں کا امتزاج ہو گی، ہمیں کشادہ دلی کا مظاہرہ کرنا ہے۔