امریکی صدر جو بائیڈن نے سزائے موت کے 37 قیدیوں کی سزا عمر قید میں تبدیل کر دی۔
امریکی میڈیا کے مطابق صدر جو بائیڈن نے 37 وفاقی قیدیوں کی موت کی سزا عمر قید میں تبدیل کی ۔ صدارتی اعلان کے بعد سزائے موت کے منتظر وفاقی قیدیوں کی تعداد 3 رہ گئی۔
امریکی میڈیا کے مطابق صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلیاں میری انتظامیہ کی جانب سے وفاقی پھانسیوں پر عائد پابندی سے مطابقت رکھتی ہیں۔
بائیڈن کا کہنا ہے کہ دہشت گردی اور اجتماعی قتل کے مجرموں کی سزائے موت برقرار رہے گی۔
امریکی میڈیا کے مطابق بوسٹن میراتھون بم حملہ 2013 کا مجرم جوہر سرنیف کی سزائے موت برقرار ہے۔
اس کے علاوہ ساؤتھ کیرولینا میں سیاہ فام چرچ پر حملے کے مجرم ڈائیلان روف کی سزائےموت بھی برقرار رکھی گئی ہے۔
علاوہ ازیں پٹسبرگ میں یہودی عبادت گاہ پر حملے کے مجرم رابرٹ بوورز کی سزائے موت بھی برقرار ہے۔