پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) نے ویسٹ انڈیز کے دورہ پاکستان کی تفصیلات کا اعلان کر دیا۔
پی سی بی کی جانب سے ویسٹ انڈیز کی مینز کرکٹ ٹیم کے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 2 میچز کے لیے پاکستان کے دورے کی تفصیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان کراچی میں ہونے والا پہلا ٹیسٹ ملتان منتقل کر دیا گیا ہے جس کے بعد اب دونوں ٹیسٹ میچز ملتان میں کھیلے جائیں گے۔
ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم 6 جنوری کو اسلام آباد پہنچے گی اور پاکستان شاہینز کے خلاف 10 سے 12 جنوری تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں 3 روزہ میچ کھیلنے کے بعد ملتان میں پاکستان کے خلاف سیریز کے دونوں ٹیسٹ کھیلے گی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 17 سے 21 جنوری تک کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 25 سے 29 جنوری تک کھیلا جائے گا۔
ویسٹ انڈیز کا 19 سال میں پہلا ٹیسٹ دورہ پاکستان
ویسٹ انڈیز کی ٹیم 19 برس بعد پہلی بار ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان آ رہی ہے، آخری بار ویسٹ انڈیز نے نومبر 2006 میں3 ٹیسٹ کھیلے تھے جبکہ پاکستان کے خلاف اس کی آخری اوے ٹیسٹ سیریز اکتوبر 2016 میں متحدہ عرب امارات میں ہوئی تھی تاہم ویسٹ انڈیز نے اپریل 2018 کے بعد سے3 بار پاکستان کا دورہ کیا ہے۔
ویسٹ انڈیز نے ایک بار ون ڈے انٹرنیشنل سیریز جون 2022 میں اور 2 بار ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز اپریل 2018 اور دسمبر 2021 میں کھیلی تھیں۔