بھارت میں ایک شخص کی خودکشی، دل دہلا دینے والا ویڈیو پیغام جاری کردیا

بھارت میں ایک شخص نے اپنی خودکشی سے قبل دل دہلا دینے والا پیغام جاری کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع خاندوا میں 37 سالہ شخص نے زہر کھا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا لیکن خودکشی سے قبل متعلقہ شخص کی جانب سے ایک ویڈیو پیغام بھی ریکارڈ کیا گیا۔

پولیس کے مطابق خودکشی کرنے والے شخص کے موبائل سے 4 منٹ کا ایک ویڈیو پیغام برآمد ہوا جس میں اس نے انتہائی اقدام کا ذمہ دار اپنی اہلیہ اور اس کے آشنا کو قرار دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اپنے پیغام میں متاثرہ شخص نے الزام عائد کیا کہ اس کی بیوی اور بیوی کا آشنا جو اس کے ساتھ غیر اخلاقی حرکات کرتا تھا، دونوں اسے ہراساں کرتے تھے، میں کئی روز سے شدید ذہنی تناؤ کا شکار تھا۔

خودکشی کرنے والے شخص کا اپنے ویڈیو پیغام میں کہنا تھا اسے انصاف چاہیے، اہلیہ اور اس کے آشنا کو ان کے کیے کی سزا ملنی چاہیے، میں اپنی بیوی کے ساتھ رہنا چاہتا تھا لیکن وہ میرے ساتھ نہیں رہنا چاہتی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خودکشی کرنے والے شخص کے موبائل سے سامنے آنے والی ویڈیو کو لیکر معاملے کی مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل بھی ایک واقعہ سامنے آیا تھا جس میں بھارتی شہر بنگلورو سے تعلق رکھنے والے ایک ٹیچر نے اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے سے پہلے ایک طویل ویڈیو بنائی تھی جس میں اس نے خودکشی کا الزام اپنی اہلیہ اور سسرال والوں پر عائد کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں