پاکستان سے نہ ٹوٹنے والا رشتہ ہے، پورے آزاد کشمیر کے لوگ مجاہد ہیں: سابق صدر آزاد کشمیر

اسلام آباد میں انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز کے زیر اہتمام یوتھ فورم فار کشمیر کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں سابق صدر آزاد کشمیر و امریکا میں سابق پاکستانی سفیر مسعود خان نے کانفرنس سے خطاب کیا۔

مسعود خان نے کہا کہ ہم اپنے حقوق سے دستبردار نہیں ہوں گے، نئی نسل عہد کرے کہ کشمیر کو آزاد کرائیں گے، ہمارا نہ ٹوٹنے والا رشتہ ہے ہم ثابت کریں گے کہ قائد کا خواب صرف خواب نہیں تھا، کشمیر کی آدھی سے زیادہ آبادی نوجوانوں پر محیط ہے، نوجوان اپنی آواز بلند کر کے اپنا پیغام دنیا تک پہنچا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سول سروسز میں کشمیر کے لوگوں کو برابر کی نمائندگی دی جاتی ہے، اسلام آباد میں سب سے زیادہ کاروباری طبقے کا تعلق کشمیر سے ہے، ہمیں یہ پوچھنا ہے کہ ان سب وسائل کے باوجود کشمیری ہم سے ناراض کیوں ہیں؟

مسعود خان نے کہا کہ معیشت کا انداز دنیا بھر میں بدل چکا ہے، کشمیر کے عوام کو مصنوعی ذہانت، جدید ٹیکنالوجی کی طرف لیکر جانا ہے، پورے آزاد کشمیر کے لوگ ہمارے مجاہد ہیں، ہمیں ان کو ہر طرح سے سہولیات مہیا کرنی ہیں، کشمیر میں سرمایہ کاری روکنے کے لیے دہشتگردی مغربی سرحدوں سے آتی ہے جس میں بھارت کا اہم کردار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے حوالے سے پاکستانی سیاسی جماعتوں میں شعور نہ ہونے کے برابر ہے، پاکستان کی ہر سیاسی جماعت کو مسئلہ کشمیر اپنے منشور کا حصہ بنانا چاہیے، بھارت آئین میں ترامیم کر کے اور امریکا کے ساتھ تعلقات بہتر بنا کر کشمیر کےمسئلے سے منہ نہیں پھیر سکتا۔

مسعود خان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر،کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہوگا اور اس میں پاکستان اپنا کردار بھرپور ادا کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں