جعلی حکومت کی وجہ سے پختونخوا کا قرض 350 ارب روپے بڑھا: بیرسٹر سیف

پشاور: مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ جعلی حکومت کی وجہ سے ہمارے صوبے کا قرض تقریباً 350 ارب روپے بڑھا ہے۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ عطا تارڑ ہر روزکوئی نہ کوئی ایسی بات کر جاتے ہیں جس سے ان کی نااہلی عیاں ہو جاتی ہے، انہوں نے پختونخوا کی معیشت پربات کرکے بڑے بڑے معیشت دانوں کی ہنسی نکال دی، وفاقی حکومت کا وائٹ پیپر کاپی کرکے کے پی کے کھاتے میں ڈال دیا۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ خیبر پختونخواکا قرض 725 ارب روپے ہے جبکہ وفاق ہر مہینے اتنا ہی قرض لیتا ہے، شہباز شریف کے صرف 2 سالہ اقتدار میں پاکستان کا قرضہ 27 ہزار ارب روپے بڑھا ہے، خیبر پختونخوا کا قرض بھی وفاقی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے بڑھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جعلی حکومت کی وجہ سے کے پی کا تقریباً 350 ارب روپے قرضہ بڑھا، دوسری صورت میں خیبرپختونخواکا قرضہ آج 400 ارب روپے ہوتا۔

مشیر اطلاعات نے کہا کہ خیبر پختوننخوا میں صحافیوں کے خلاف کارروائی کی بات بھی مضحکہ خیز ہے، صحافی تو اسلام آباد میں محفوظ نہیں ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کی جانب سے جامعات کے وائس چانسلرز کی تعیناتی میں روڑے اٹکانے پر وزیر اعلیٰ کو چانسلر بنایاگیا۔ْ

اپنا تبصرہ بھیجیں