اسلام آباد: وزیراعظم کےکو آرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر ملک مختار نے ایم ڈی کیٹ ختم کرنے اور یونیورسٹیوں کو ازخود داخلے دینے کی اجازت دینے کی تجویز پیش کر دی۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کی میٹنگ گزشتہ روز پی ایم ڈی سی سیکرٹریٹ میں ہوئی جہاں وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر ملک مختار نے میڈیکل یونیورسٹیوں کے لیے مشترکہ داخلہ ٹیسٹ ایم ڈی کیٹ ختم کرنےاوریونیورسٹیوں کو ازخود داخلے دینے کی اجازت کی تجویز دی۔
ڈاکٹرملک مختارنے کہا کہ صوبائی میڈیکل یونیورسٹیاں ایم ڈی کیٹ کی رجسٹریشن بھی خود کریں، پی ایم ڈی سی صرف نیشنل لائسنسنگ امتحان لے کر ڈاکٹروں کو لائسنس دے۔
کمیٹی اجلاس میں ممبران نے کہا کہ سپلیمنٹری اور امپروومنٹ والےطلبہ کو اس سال میڈیکل اور ڈینٹل کالجزمیں داخلےنہ دیں، سپلیمنٹری اور امپروومنٹ کا معاملہ پی ایم ڈی سی میں لےجائیں جبکہ یہ تجویز بھی دی گئی کہ طلباء کو صرف ان ہی کے صوبےکے ایم ڈی کیٹ میں بیٹھنےکی اجازت ہونی چاہیے۔
واضح رہے کہ سال 2024 کے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں بڑے پیمانے پر مبینہ بے ضابطگیاں سامنے آئی تھیں جس پر بہت سے خدشات نے جنم لیا تھا۔