راولپنڈی: توشہ خانہ کے دوسرے کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور ان کے وکیل کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے وارننگ جاری کر دی۔
اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت اسپیشل جج سینٹرل شارخ ارجمند نے کی جس دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔
بشریٰ بی بی اور ان کے وکیل آج عدالت پیش نہیں ہوئے، استغاثہ کے گواہ محمداحمد پر بانی پی ٹی آئی کے وکیل قوثین مفتی نے جرح مکمل کی۔
بشریٰ بی بی کے وکیل ارشد تبریز کی غیر حاضری پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بشریٰ بی بی کے وکیل آئندہ سماعت پر پیش نہ ہوئے تو حق جرح ختم کردیں گے۔
توشہ خانہ کے دوسرے کیس میں مجموعی طور پر 5 گواہوں کے بیانات ریکارڈ ہو چکے ہیں۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر استغاثہ کے مزید دو گواہان کو طلب کر لیا اور کیس کی سماعت 14 جنوری تک ملتوی کر دی۔